سیما آندھرا کی گاڑیوں سے ٹرانسپورٹ ٹیکس وصول نہ کرنے کی ہدایت

حیدرآباد۔/30جولائی، ( این ایس ایس ) ہائی کورٹ نے تلنگانہ کی ریاستی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیما آندھرا علاقہ سے یہاں پہنچنے والی گاڑیوں سے کوئی ٹرانسپورٹ ٹیکس وصول نہ کرے۔ حکومت تلنگانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک حکمنامہ کے خلاف چیلنج کرتے ہوئے تروملا کیبس اسوسی ایشن کی درخواست پر اپنے فیصلہ میں ہائی کورٹ نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان چلنے والی گاڑیوں سے آئندہ سال مارچ تک کوئی ٹیکس وصول نہیں کیا جانا چاہیئے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گورنر نے یکم جون کو سرکاری حکمنامہ نمبر 43جاری کیا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ دو کے منجملہ کسی ایک تلگو ریاست میں بھی ٹرانسپورٹ ٹیکس ادا کرنا متعلقہ گاڑی کی نقل و حرکت کیلئے کافی ہوگا تاہم گورنر کے احکام کے برخلاف حکومت تلنگانہ نے اس حکمنامہ میں ترمیم کرتے ہوئے ایک اور حکمنامہ نمبر 586جاری کیا تھا اور پڑوسی ریاست آندھرا پردیش سے آنے والی گاڑیوں سے ٹرانسپورٹ ٹیکس کی وصولی کا آغاز کردیا تھا۔
ہائی کورٹ نے دونوں ریاستوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹرانسپورٹ ٹیکس کے مسئلہ پر حکومت کی جانب سے یکم جون کو جاری کردہ حکمنامہ 43کا احترام اور پابندی کریں۔