سیما آندھرا وزراء کی سونیا گاندھی سے ملاقات

نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سیما آندھرا علاقہ سے تعلق رکھنے والے وزراء کے ایک وفد نے آج صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کی اور ریاست کو تقسیم کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ کے قیام کے پس منظر میں سیما آندھرا کیلئے بہترین پیاکیج کی خواہش کی۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیما آندھرا کو 5 سال کیلئے خصوصی زمرہ کا موقف دیا جارہا ہے اس کے علاوہ ٹیکس مراعات 10 سال تک جاری رہیں گی۔ کانگریس نے دعویٰ کیا کہ ٹی آر ایس سربراہ چندرشیکھر راؤ نے انضمام کیلئے آمادگی ظاہر کی ہے لیکن ٹی آر ایس ذرائع نے بتایا کہ ایسا کوئی تیقن نہیں دیا گیا۔

ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ جہاں تک ٹی آر ایس اور کانگریس کے انضمام کا تعلق ہے ہمیں خوشی ہیکہ کے سی آر نے صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی ہے اور انہوں نے انضمام کا اشارہ بھی دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفصیلات کو بعدازاں قطعیت دی جائے گی۔ دوسری طرف ٹی آر ایس کے ایک سرکردہ لیڈر نے کہا کہ ہماری قیادت نے کبھی یہ اشارہ نہیں دیا کہ ٹی آر ایس کا کانگریس میں انضمام ہوگا۔ ہم نے وزیراعظم اور صدر و نائب صدر کانگریس سے تلنگانہ بل کی منظوری یقینی بنانے کیلئے ان کی کوششوں پر اظہارتشکر کی غرض سے یہ ملاقات کی ہے۔ ان ملاقاتوں میں دیگر باتوں پر کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوگا۔