شمس آباد 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) شمس آباد رورل پولیس نے سیل ٹاور بیاٹریز سرقہ کرنے والی پانچ رکنی ٹولی کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 3.5 لاکھ روپئے مالیتی 24 بیاٹریز اور ایک آٹو کو ضبط کرلیا۔ شمس آباد رورل انسپکٹر این سرینواس نے بتایا کہ محمد صابر 25 سالہ پیشہ گیس سلینڈر فروخت کرنے والا ساکن گنٹور،
امجد ساکن کتور، کے سری راملو 40 سالہ پیشہ لیبر ساکن کتور، گورک ہو الیاس گورا 45 سالہ ساکن کتور متوطن بہار، نندو یادو 35 سالہ پیشہ آٹو ڈرائیور ساکن کتور اور کاچارم سری سیلم 27 سالہ پیشہ آٹو ڈرائیور ساکن کتور نے ملکر سیل ٹاور بیاٹریز کا سرقہ کیا کرتے تھے۔ 6 رکنی ٹولی آٹو میں رات کے وقت سیل ٹاور کے قریب جاکر ٹاور میں موجود تمام بیاٹریز کا سرقہ کرکے آٹو کے ذریعہ دوسرے مقام منتقل کرکے فروخت کرتے تھے۔
کل شام تونڈپلی میں تلاشی مہم کے دوران آٹو میں سوار افراد مشتبہ حالت میں پائے گئے جنھیں حراست میں لے کر تفتیش کرنے پر محمد صابر، کے سری راملو، گورکی ہو، نندو یادو اور کاچارم سری سیلم نے اقبال جرم کرلیا۔ جبکہ امجد مفرور ہے۔ ٹولی نے شمس آباد کے موضع پالماکول اور شمس آباد آر جی آئی پولیس اسٹیشن حدود میں واقع گگن پہاڑ میں سیل ٹاورس سے جملہ 24 بیاٹریز کا سرقہ کیا جن کی مالیت تین لاکھ پچاس ہزار روپئے بتائی گئی۔ مفرور امجد کی گرفتاری کیلئے ٹیم تیار کرکے روانہ کردی گئی۔ سب انسپکٹر کرائم کے نرسمہا اور ان کی ٹیم نے سارقین کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ریمانڈ کیلئے بھیج دیا۔