سیل فون ٹاورس صحت کے لیے مضر نہیں

’ موبائیل نیٹ ورک اور صحت عامہ ‘ پر ورکشاپ ، ماہرین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ریڈیالوجی ، آنکولوجی ، مالیکیولر اینڈ فزیکل سائنسیس کے ماہرین کے علاوہ مختلف فیلڈس کے ماہرین نے آج کہا کہ سیل فون ٹاورس محفوظ ہیں اور یہ کینسر یا ریڈئیشن سے متعلق دیگر مسائل کا سبب نہیں ہیں ۔ جیسا کہ اندیشہ کیا جاتا ہے ۔ سلیولر آپریٹرس اسوسی ایشن آف انڈیا کے زیر اہتمام ’ موبائیل نیٹ ورک اور صحت عامہ ‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک ورکشاپ میں ماہرین نے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے مسٹر راجن ایس میتھیوز ، ڈائرکٹر جنرل سی او اے آئی نے کہا کہ ہندوستان کے دنیا کی دوسری بڑی ٹیلی کام مارکٹ بننے کے ساتھ سیل ٹاورس اور ہینڈ سیٹس کے تعلق سے الیکٹرو میگنیٹک فیلڈ کے بارے میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ جس کا یہ ورکشاپ ازالہ کرنا چاہتا ہے اور عوام میں پائے جانے والے خوف اور اندیشوں کو دور کرنا چاہتا ہے ۔ اس دوران ماہرین بشمول ڈاکٹر راکیش اور ڈاکٹر راجیش نے کہا کہ موبائیل فونس اور ٹاورس سے خارج ہونے والے ریڈئیشنس سے صحت کے لیے کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مفادات حاصلہ کی جانب سے بے بنیاد طور پر اور کسی معقول سائنسی اساس کے بغیر عوام میں اس مفروضہ کو پھیلایا گیا کہ الیکٹرو میگنیٹک فیلڈ سے ہونے والا اخراج صحت کے لیے خطرناک ہے ۔ دنیا بھر میں سائنٹفک اسٹیڈیز کی گئی تاکہ موبائیل ٹاور انٹینا اور فونس سے صحت خطرہ کے خوف کو دور کیا جاسکے ۔۔