حیدرآباد۔/19مئی، ( سیاست نیوز) مادھا پور پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 4کمسن لڑکوں کو گرفتار کرلیا اور انہیں جونائیل ہوم منتقل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک شکایت گذار کی درخواست کے بعد مادھا پور پولیس کی کرائم ٹیم نے حرکت میں آتے ہوئے یہ اقدام کیا۔ سب انسپکٹر کرائم مسٹر محمد اکرم بابا نے ان کی ٹیم کے ہمراہ سخت مشقت کرتے ہوئے ان کمسن بچوں کی ٹولی کو بے نقاب کیا۔ یہ ٹولی سیل فون سرقہ اور رہزنی کے 16 معاملات میں ملوث ہے اور ان کی عمریں 17تا18 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ میاں پور، کے پی ایم پی، کوکٹ پلی ، رائے درگم پولیس حدود میں اس ٹولی نے سرقہ کی وارداتیں انجام دی۔ گزشتہ دنوں مادھا پور ہائی ٹیک سٹی چوراہا سے ایک شہری کا فون چھیننے کے بعد ان نابالغ سارقوں نے اس کے پے ٹی ایم کا ایک رسٹورنٹ میں استعمال کیا اور پولیس نے اس بنیاد پر تحقیقات کرتے ہوئے ان نابالغوں کی ٹولی کو بے نقاب کیا جو شہریوں کو کافی پریشان کررہے تھے۔ ان چار نابالغوں میں دو سابق میں جونائیل ہوم جاچکے ہیں۔ پولیس نے ان بچوں کو جیل منتقل کردیا۔