سیلنگ معاملے پر عآپ اور بی جے پی میں تکرار

نئی دہلی۔ 30جنوری(سیاست ڈاٹ کام) دارالحکومت دہلی میں جاری سیلنگ مہم کے معاملے پر آج یہاں وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر بی جے پی کے رہنماؤں کے ساتھ ہوئی میٹنگ نہ صرف بے نتیجہ رہی بلکہ بی جے پی لیڈروں نے میٹنگ میں ان کے ساتھ بدسلوکی کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے احتجاج کیا۔سیلنگ کے معاملے پر وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج اپنی رہائش گاہ پر میٹنگ بلائی تھی۔ اس میٹنگ میں عآپ کے لیڈروں علاوہ بی جے پی کی ریاستی یونٹ کے صدر منوج تیواری کے ساتھ کئی بی جے پی لیڈر بھی موجود تھے ۔ میٹنگ میں سیلنگ کے سلسلے میں دونوں فریقوں کے درمیان اتنی تیکھی بحث ہوئی کہ بی جے پی لیڈر میٹنگ سے اٹھ کر باہر نکل آئے اور وزیر اعلی کی رہائش کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئے ۔ خبر ہے کہ مسٹر تیواری نے آپ لیڈروں کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کرائی ہے ۔ بی جے پی کے رہنماؤں نے الزام لگایا ہے کہ کیجریوال نے میٹنگ میں ایک بڑی بھیڑجمع کر رکھی تھی۔ یہ لوگ اتنا شور شرابہ کر رہے تھے کہ ان کو اپنی بات کہنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔ دوسری طرف مسٹر کیجریوال نے میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر چاہیں تو اس مسئلے کا حل ایک دن میں نکل سکتا ہے ۔اس سلسلے میں ان کے پاس جو فائلیں ہیں وہ ان پر دستخط نہیں کررہے ہیں ۔ اگر اس ہفتے بھی وہ کچھ نہیں کرسکے تو ہم سیلنگ کی کارروائی پر روک کیلئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے ۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ سیلنگ میں بھی امتیاز برتا جارہا ہے ۔ تقریباً 351 سڑکوں پر سیلنگ نہیں ہو رہی ہے ۔ سروے کی رپورٹ ابھی تک دہلی میونسپل کارپوریشن نے ریاستی حکومت کو نہیں سونپی ہے ۔ رپورٹ ملنے کے بعد وہ اسے سپریم کورٹ کو سونپیں گے ۔