سیز فائر کی خلاف ورزی پر ہندوستانی سفارتکار کی طلبی

اسلام آباد ۔ یکم جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج ہندوستان کے کارگذار ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور لائن آف کنٹرول کے پار ہندوستانی دستوں کی جانب سے سیز فائر کی بلااشتعال مبینہ خلاف ورزیوں کی مذمت کی جس کے نتیجہ میں ایکہلاکت واقع ہوئی ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل ( ساؤتھ ایشیاء اینڈ سارک ) محمد فیصل جو وزارت خارجہ کے ترجمان بھی ہیں انہوں نے ہندوستانی سفارت کار کو طلب کیا اور 31ڈسمبر کو لائن آف کنٹرول کے پاس ہندوستانی فورسیس کی جانب سے فائر بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں کی مذمت کی ، دفتر خارجہ کے بیان میں یہ بات کہی گئی ۔ بیان میں بتایا گیا کہ ایل او سی کے پاس شاہ کوٹ سیکٹر میں فائرنگ کے نتیجہ میں ایک خاتون آسیہ بی بی کی موت ہوئی اور 7دیگر افراد زخمی ہوئے ۔ فیصل نے کہا کہ ہندوستانی فورسیس ایل او سی اور سرحد کے پاس مسلسل شہری آبادی والے علاقوں کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنارہے ہیں ۔ دفتر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ 2018ء میں ہندوستانی فورسیس نے ایل او سی اور سرحد کے پاس 2350 سے زیادہ سیز فائر خلاف ورزیاں کی ہیں جس کے نتیجہ میں 36 شہریوں کی موت ہوئی اور 142 دیگر زخمی ہوئے ۔