سیرینا ولیمس نے میامی سنگلز خطاب جیت لیا

میامی 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی سیرینا ولیمس نے اپنا آٹھواں میامی ڈبلیو ٹی اے خطاب جیت لیا ہے ۔ انہوں نے فائنل میں اسپین کی کارلا سواریز نوارو کے خلاف آسانی کے ساتھ 6 – 2, 6 – 0 سے کامیابی حاصل کرلی ۔ جاریہ سال آسٹریلیا میں اپنے کیرئیر کا 19 واں گرانڈ سلام خطاب جیتنے والی سیرینا ولیمس نے میامی میں مسلسل تیسرے سال سنگلز خطاب حاصل کیا ہے ۔ انہوں نے 2002 – 04 تک بھی میامی میں مسلسل تین سال خطاب جیتا تھا ۔ اس کے علاوہ 2007 – 08 میں انہوں نے مسلسل دو سال میامی سنگلز خطاب جیتا تھا ۔ میامی کا جاریہ سال کا سنگلز خطاب سیرینا کے کیرئیر کا بحیثیت مجموعی 66 واں خطاب تھا ۔ وہ بیلی جین کنگ کے خطابی ریکارڈ سے صرف ایک خطاب پیچھے ہیں۔ جاریہ سال اکٹوبر سے مسابقتی ٹینس میں سیرینا نے ایک بھی میچ میںشکست نہیں کھائی ہے ۔ انہیں اکٹوبر میں ڈبلیو ٹی اے فائنلس میں سیمونا ہالیپ کے مقابلہ میں شکست ہوئی تھی ۔ گذشتہ سال کی میامی کامیابی کے بعد سیرینا ولیمس یہاں زیادہ خطاب جیتنے کے معاملہ میں اسٹیفی گراف کو پیچھے چھوڑ چکی ہیں۔ وہ جاریہ سال کی کامیابی سے ایک ہی خطاب آٹھ مرتبہ جیتنے کی فہرست میں اسٹیفی گراف اور مارٹینا نوراتیلو اور کرس ایورٹ کے ساتھ شامل ہوگئی ہیں۔ گراف نے برلن میں نو خطاب جیتے تھے جبکہ ایورٹ نے ہیلٹن ہیڈ میں آٹھ خطاب جیتے تھے

جبکہ نوراتیلوا نے سات ٹورنمنٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا ۔ اس میں ان کے نو ومبلڈن خطاب شامل ہیں۔ سیمی فائنلس میں عالمی نمبر تین ہالیپ کو شکست دینے کے بعد ولیمس نے اسپین کی کارلا سواریز نوارو کے خلاف فائنل میں بھی شاندار مظاہرہ کیا ۔

سابقہ چار مقابلوں میں بھی انہوں نے سواریز کے خطاب کوئی سیٹ گنوائے بغیر کامیابی حاصل کی تھی ۔ عالمی نمبر 12 رینکنگ رکھنے والے سواریز نوارو اپنے کیرئیر کے پہلے بڑے فائنل میں پہونچی تھیں تاہم انہیں ولیمس کے مقابلہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے میچ کے بعد کہا کہ جب وہ سیرینا کے خلاف کھیلتی ہیں تو جانتی ہیں کہ وہ بہترین کھلاڑی ہیں۔ وہ ایسا کھیلتی ہیں جس سے میرا کھیل متاثر ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بار انہیں خود پر اعتماد تھا ۔ جس طرح سے وہ دوسرے میچس میں مظاہرہ کر رہی تھیں اس سے انہوں نے اس میں بھی کوشش کی ۔ لمحہ آخر تک ان کی جدوجہد رہی لیکن یہ سخت اور مشکل تھی ۔ سواریز نے حالانکہ حواس قابو میں رکھے لیکن ولیمس نے بالآخر انہیں غلطی پر مجبور کرکے اپنے کامیابی کا سلسلہ شروع کیا تھا ۔