فائنل میں کیرولین ووزنیاکی کو شکست ۔ چھٹی مرتبہ امریکی اوپن اور کیرئیر کا 18 واں گرانڈ سلام جیتنے سیرینا کا ریکارڈ
نیویارک 8 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک خاتون ٹینس اسٹار سیرینا ولیمس نے اپنی قریبی دوست سمجھی جانے والی کیرولین ووزنیاکی کو امریکی اوپن وومنس سنگلز کے فائنل میں شکست دیتے ہوئے یہ خطاب جیت لیا ہے ۔ سیرینا ولیمس کا یہ چھٹا امریکی اوپن خطاب تھا جبکہ بحیثیت مجموعی کیرئیر میں انہوں نے 18 گرانڈ سلام خطاب جیتے ہیں۔ سیرینا ولیمس گذشتہ تین گرانڈ سلام ٹورنمنٹس میں کوئی بھی خطاب نہیں جیت پائی تھیں تاہم انہوں نے کل رات یہ کارنامہ کر دکھایا اور ووزنیاکی کو فائنل میں 6 – 3, 6 – 3 سے شکست دیتے ہوئے خطاب حاصل کرلیا ۔ اس طرح سیرینا ولیمس نے 18 گرانڈ سلامس کا ریکارڈ رکھنے مارٹینا نوراتلو اور کرس ایورٹ کا ریکارڈ برابر کرلیا ہے اور اب وہ اسٹیفی گراف سے پیچھے ہیں جنہوں نے جملہ 22 گرانڈ سلام خطاب جیتے تھے ۔ ولیمس نے جو جاریہ ماہ 33 سال کی ہوجائںے گی کہا کہ 18 واں گرانڈ سلام خطاب جیتنا بہت اہمیت کا حامل تھا کیونکہ ان کے ذہن پر بوجھ تھا ۔ یہ ریکارڈ مارٹینا نوراتلوا اور کرس ایورٹ کے ریکارڈ کی برابری ہے اور کبھی انہوں نے نہیں سوچا تھا کہ وہ خود اس گروپ میں شامل ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان کا نام عظیم کھلاڑیوں کی اس فہرست میں شامل ہوگا ۔ مسلسل تیسرے سال سیرینا ولیمس نے یہاں خطاب جیتا ہے ۔ اس معاملہ میں بھی انہوں نے کرس ایورٹ کا ریکارڈ مساوی کیا ہے جنہوں نے مسلسل تین سال تک کوئی گرانڈ سلام خطاب جیتا تھا ۔ کرس ایورٹ کا چھ امریکی اوپن خطاب جیتنے کا ریکارڈ بھی سیرینا نے مساوی کیا ۔ سیرینا نے اپنی حریف شکست خوردہ کھلاڑی ‘ جو ان کی قریبی دوست بھی ہیں ‘ کیرولین ووزنیاکی کی ستائش بھی کی اور کہا کہ کیرولین بھی قابل مبارکباد ہے ۔ وہ جانتی ہے کہ میں کتنی مشکلات سے گذری ہوں ۔ انہوں نے اپنی دوست کیلئے کہا کہ وہ بہت جلد کوئی گرانڈ سلام خطاب جیتیں گی۔ کیرولین حالانکہ اپنے نام ڈبلیو ٹی اے کے 22 خطاب رکھتی ہیں لیکن انہوں نے اب تک کوئی گرانڈ سلام خطاب نہیں جیتا ہے ۔ انہیں 2009 کے امریکی اوپن فائنل میں رسائی حاصل کی تھی لیکن اس وقت انہیں بلجیم کی کم کلائسٹرس کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی ۔ دونوں ہی کھلاڑیوں کیلئے یہ خطاب بہت اہمیت کا حامل تھا اور پہلا سیٹ نئے قواعد کے مطابق انتہائی سخت رہا ۔ پہلے گیم سے ہی دونوں نے اچھی جدوجہد کی تھی۔ سیرینا ولیمس نے پہلے گیم میں بریک پوائنٹ بچانے کے بعد دوسرے گیم میں ووزنیاکی نے ڈبل فالٹ کیا اور یہاں سے سیرینا کو سبقت مل گئی ۔ ووزنیاکی نے میچ کے بعد کہا کہ وہ فائنل سے قبل نروس تھیں جبکہ یہاں ماحول بہترین تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اچھی شروعات کرنا چاہتی تھیں لیکن ایسا ممکن نہیں ہوسکا ۔ ووزنیاکی نے کہا کہ اس ٹورنمنٹ میں اب تک ان کی دفاعی مہارتیں بھی بہت موثر ثابت ہوئی تھیں لیکن فائنل میں وہ سیرینا ولیمس کے خلاف ایسا کچھ نہیں کرسکیں۔ انہوں نے تاہم کہا کہ فائنل میں رسائی حاصل کرکے بھی انہیں بہت خوشی ہوئی ہے اور بہت اچھا لگا ہے ۔سیرینا نے کہا کہ اس ٹورنمنٹ میں انہیں اپنے حواس قابو میں رکھنے میں مدد ملی اور ان کا رویہ نرم رہا جس کی وجہ سے وہ اپنے کھیل پر بہتر انداز میں توجہ دے پائیں۔ بہت موقعوں پر حالانکہ ووزنیاکی نے اچھی مزاحمت کی تھی اور میچ میں واپسی کی کوشش کر رہی تھیں لیکن سیرینا ولیمس نے اپنے جارحانہ تیور کے ذریعہ ووزنیاکی کو میچ میں واپسی کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا ۔