سیرت نبوی کا جاننا ہر مسلمان پر فرض

سیرت النبیؐ کا افتتاحی جلسہ ، مفتی سید آصف الدین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( راست ) : سیرت النبیؐ کا پڑھنا ، جاننا ، ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے ۔ اس لیے کہ سیرت نبویؐ کو جانے بغیر ایک مسلمان کی دنیا اور آخرت میں کامیابی ناممکن ہے ۔ پیشہ و ہنر کے اعتبار سے وہ کچھ بھی ہوسکتا ہے ۔ لیکن عملی اعتبار سے وہ عمل محمدی اور اسوہ نبوی کا مظہر ہوتا ہے ۔ سیرت نبوی کا جاننا اس لیے بھی ضروری ہے کہ رسول اللہ ﷺ سے متعلق ہر مسلمان پر کچھ حقوق و ذمہ داریاں ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی بانی انسٹی ٹیوٹ آف عربک مہدی پٹنم نے دس روزہ سیرت النبیؐ کے تیسرے بیاچ کے افتتاحی جلسہ میں کیا اور اپنے سلسلہ خطاب میں کہا کہ سیرت النبیؐ کا یہ دس روزہ کورس میں حیات طیبہ کو آسان انداز میں سمجھانے پڑھانے کی کوشش کی گئی ہے ۔ رسول اللہ ﷺ کا حق ہر انسان پر یہ ہے کہ آپ پر ایمان لانا اور اسلام لانے کے بعد آپ ﷺ سے متعلق ہر مسلمان پر یہ حقوق و ذمہ داریاں ہیں ۔ رسول اللہ ﷺ کا ادب و احترام کرنا ، آپ کی اطاعت کرنا ، اپنے تمام نزاعات و اختلافات و معاملات میں آپ کو حکم بنانا ، آپ کی ذات گرامی سے محبت کرنا ، اپنے تمام اعمال میں آپ کی اتباع کرنا ، ہر وقت مقدور بھر آپ کی نصرت کرنا ، اسلام و قرآن اور دین کی دعوت دینا ، زندگی کے تمام امور میں آپ کو نمونہ بنانا ، آپ کی بات پہونچانا ، آپ کی سنتوں پر عمل کرنا ، نام مبارک پڑھنے ، سننے کے بعد درود شریف پڑھنا ۔ یہ جملہ 11 حقوق ہیں جو سیکھنے اور جاننے سے حاصل ہوتے ہیں ، جن پر عمل آوری سیرت النبیؐ سے واقفیت کے بعد ہی ممکن ہے ان حقوق کی وضاحت قرآن مجید اور احادیث نبویہ میں آئی ہے ۔ سیرت النبیؐ کورس ہر ماہ 10 تا 20 تاریخ کو منعقد ہوگا ۔ رواں 10 روزہ سیرت النبیؐ کورس کی کلاسیس 20 مئی تک انسٹی ٹیوٹ آف عربک متصل ہوٹل سٹی ڈائمنڈ مہدی پٹنم میں ہوں گی ۔۔