سیرت طیبہ، ساری انسانیت کے لئے نمونہ عمل

بچکنڈہ /29 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر بچکنڈہ کی جامع مسجد میں بروز اتوار صبح دس بجے جمعیۃ العلماء شاخ بچکنڈہ کے زیر اہتمام جلسہ سیرت النبیﷺ منعقد کیا گیا، جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے دارالعلوم دیوبند کے مبلغ مولانا یامین قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا مہینہ ربیع الاول کا ہے، اس مہینہ میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت ہوئی اور وفات بھی اسی مہینہ میں ہوئی۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ ساری انسانیت کے لئے نمونہ عمل ہے، جو آپﷺ کی اتباع کرے گا، وہ دنیا و آخرت میں کامیاب ہوگا۔ اللہ تعالی نے ہم سب کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی امت میں پیدا فرمایا، یہ اس کا بہت بڑا احسان ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ شریعت قیامت تک آنے والے انسانوں کے لئے ہے۔ مولانا سید ولی اللہ قاسمی صدر جمعیۃ العلماء ضلع نظام آباد نے کہا کہ اللہ تعالی نے انسان کو مختلف نعمتوں سے نوازا، جب کہ آنکھ، کان، زبان، دماغ اور دل ساری چیزوں کا مرکز روح ہے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے حکموں کی خلاف ورزی کے سبب آج انسان پریشان ہے۔ اگر مسلمان اللہ کے حکم اور پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پر زندگی گزاریں تو دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی ملے گی۔ مولانا سہیل قاسمی حیدرآباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق کی مثال ساری دنیا والے پیش نہیں کرسکتے، آپ کے اخلاق کی وجہ سے اسلام پھیلا۔ جلسہ کا آغاز طالب علم محمد اظہر الدین کی قراء ت کلام پاک سے ہوا اور نعت پاک مولوی عبد العلیم فاروقی مجلس تحفظ ختم نبوت شاخ بچکنڈہ نے پیش کی، جب کہ نظامت کے فرائض مولانا محمد رضوان القاسمی ناظم مدرسہ دارالعلوم بچکنڈہ نے انجام دیئے۔ جلسہ میں علماء، حفاظ اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مولانا یامین کی دعاء پر جلسہ کا اختتام ہوا۔