سیرت رسول اکرمﷺ کو عام کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری

نارائن پیٹ /12 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) غریبوں، یتیموں، محتاجوں اور بیکسوں کی مدد کرنا اور ان کی دادرسی حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے، لہذا سیرت رسول پر عمل کرتے ہوئے الامداد زکوۃ سوسائٹی نارائن پیٹ کی جانب سے 223 مسکینوں میں راشن پیکیج کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ علاوہ ازیں 190 بیواؤں میں فی کس 300 روپئے ماہانہ وظائف بھی تقسیم کئے گئے، جب کہ سیرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو عام کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ جناب احمد میراں محی الدین صدر سوسائٹی نے میدان جامع مسجد میں جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر مسکینوں کے لئے راشن پیکیج تقسیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دشمنوں کو بھی دعائیں دی ہیں، لہذا سیرت رسول پر عمل پیرا ہوکر مسلمان اپنے دشمنوں کے ساتھ حسن سلوک کریں۔ جناب عبد المقتدر مجاہد لکچرار طائف یونیورسٹی مدینہ منورہ نے کہا کہ اگر زکوۃ کی تقسیم صحیح طریقے سے عمل میں لائی جائے تو کوئی بھی شخص بھوکا نہیں سوئے گا۔

جناب عبد السلیم ایڈوکیٹ معتمد سوسائٹی نے کہا کہ جشن میلاد النبیﷺ کے موقع پر غریبوں میں راشن پیکیج کی تقسیم کا مقصد یہ ہے کہ غریب افراد بھی اس موقع پر خوشی مناسکیں۔ انھوں نے بتایا کہ راشن پیکیج میں اشیائے خورد و نوش چاول، تیل، آٹا، شکر اور میوہ جات رکھے گئے ہیں۔ ہر ماہ 190 بیواؤں میں ماہانہ 300 روپئے وظائف تقسیم کئے جاتے ہیں۔ امیر الدین ایڈوکیٹ صدر الفلاح سوسائٹی نے الامداد سوسائٹی کی فلاحی خدمات کی ستائش کی۔ حافظ شفاعت علی نظامی نے زکوۃ کی اہمیت کے متعلق بتایا کہ زکوۃ مال کو پاک کرتا ہے اور معاشرہ سے تنگی دور کرنے کا سبب بنتا ہے۔ مہمانان خصوصی کے طورپر جناب غیاث الدین قادری سجادہ نشین درگاہ تقی بابا، مولوی احمد حسینی سجادہ نشین درگاہ کولم پلی اور جناب عبد الغفار تاج نائب صدر سوسائٹی نے شرکت کی۔ جناب غیاث الدین قادری نے دعاء کی۔ اجلاس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر معززین شہر مسرز غلام محی الدین چاند، محمد شفیع چاند، خواجہ معین الدین، محمد غوث، عبد الرؤف چاند، دستگیر چاند، یسین ٹیلر، عبد الرؤف حسام الدین، حسن الدین مسعودی، محمد رفیق چاند اور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس کی کارروائی حافظ چاند پاشاہ نے چلائی۔