جمعیتہ العلماء نظام آباد کے زیراہتمام طلبہ کے مقابلے
نظام آباد۔20جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا سید ولی اللہ قاسمی صدر جمعیتہ علماء نظام آباد کے مطابق حسب سابق اس سال بھی حضور اکرم صلی اللہ وعلیہ سلم کی مبارک سیرت کو طلبہ میں عام کرنے اور ان میں آپؐ کی محبت وعظمت کو فروغ دینے کیلئے جمعیۃ علماء نظام آباد کے زیر اہتمام کالج کے طلبہ کیلئے تقریری اور تحریری مقابلوں اور ہائی اسکول طلبہ کیلئے سیرت کوئز کا انعقاد عمل میں آئیگا۔ تقریری اور تحریری مقابلے24 جنوری 2015 بروز ہفتہ بمقام تبارک ہائی اسکول، حطائی اسٹریٹ نظام آباد منعقد ہونگے ۔ تقریری مقابلے کاعنوان’’ حضور اکرم صلی اللہ وسلم سارے جہانوں کیلئے رحمتہ اللعلمینؐ بنا کر بھیجے گئے ‘‘۔ تحریری مقابلہ کیلئے عنوان’’ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مکّی زندگی ‘‘ رکھا گیا ہے۔ تقریری مقابلہ 10بجے دن اور تحریری مقابلہ کا انعقاد 2بجے دوپہر عمل میں آئیگا۔ سیرت کوئز ؍25جنوری ء بروز اتوار شہر کے مختلف مراکز پر 10بجے تا 12 دن منعقد کیا جائیگا۔ امتحانی مراکز کا اعلان23جنوری 2015 کو ہال ٹکٹ کی اجرائی کے موقع پر کیا جائیگا۔ ان تمام مقابلوں میں اعلیٰ نشانات حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازاجائیگا۔ ہر مقابلہ کیلئے الگ الگ پہلا انعام تین ہزار ،دوسرا انعام دو ہزار روپے، تیسرا انعام ایک ہزار روپے اور 500 روپے فی کس دو ترغیبی انعامات دیئے جائیں گے۔ مقابلوں میں شرکت کے خواہشمند طلبہ کو چاہئے کہ وہ دفتر جمعیۃ علماء بودھن روڈ نظام آباد پر دفتر کے اوقات کار 10بجے دن تا 4بجے سہ پہر پر اپنے نام رجسٹر کروائیں۔ رجسٹریشن کیلئے آئی ڈی کارڈ، بونافائیڈ سرٹیفیکٹ کا ساتھ رکھنالازمی ہے رجسٹریشن کیلئے کوئی فیس نہیں ہے۔رجسٹریشن کے موقع پر سیرت کوئز کے طلبہ میں ’’سیرت النبیؐ ‘‘ کتاب مفت تقسیم کی جائے گی۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 21جنوری ء مقرر ہے تمام انعامات انشاء اللہ فبروری یا مارچ میں منعقد شدنی ایک جلسہ سیرت النبیؐ میں دیئے جائیں گے۔مزید تفصیلات کیلئے فون نمبرات 9030903212 اور9985280540 پر ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔