ظہیرآباد۔/19مئی ، ( فیکس ) صدر فلسطین جناب محمود عباس کی جانب سے جناب سید وقار الدین چیرمین انڈوعرب لیگ حیدرآباد کو فلسطین کا سب سے باوقار سیویلین ایوارڈ ’’ ستارہ یروشلم ‘‘ پیش کیا گیا۔ کسی بھی ہندوستانی کیلئے صدر فلسطین کی جانب سے عطاء کیا جانے والا یہ پہلا اعزاز ہے۔ حیدرآباد کے صحافی اعظم کو فلسطین کے وقار سیویلین ایوارڈ ستارہ یروشلم عطاء کئے جانے پر ظہیرآباد کے عوام بالخصوص صحافتی، سیاسی و ادبی نمائندوں میں مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے جن میں محبوب غوری فگر، نادر غؤری، سیاسی رہنماؤں محی الدین غوری، محمد لقمان، محمد یوسف سابق رکن حج کمیٹی، محمد تنظیم سابق وائس چیرمین کے علاوہ ادبی نمائندہ شخصیتوں محمد تاج الدین تاج، نظام الدین نظام، سیف الدین غوری، شاہ رحمت اللہ قادری، محمد شریف کرن نے قبلہ اول کی مسجد اقصیٰ و فلسطین کیلئے جاری خدمات کیلئے جناب وقار الدین کو ’ اسٹار آف یروشلم ‘ کے نوازے جانے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعاء کی کہ جناب سید وقار الدین کو تادم زیست عظیم الشان جذبہ ایمانی کی توفیق سرفراز فرمائے اور انہیں صحت دے۔