مکینوں میں عدم تحفظ کا احساس ، قماربازی کے اڈے
حیدرآباد /3 فروری ( سیاست نیوز ) بنجارہ ہلز کے علاقہ فرسٹ لانسر سید نگر کے عوام ان دنوں غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں سے پریشان ہیں ۔ اس علاقہ کے شہری غیر سماجی عناصر کی وجہ سے اپنے ہی مکانات میں خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان دنوں سید نگر علاقہ میں واقع پہاڑی جہاں غیرسماجی عناصر اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ نہ صرف عوام کو بلکہ ان مقام کے تقدس کو بھی پامال کر رہے ہیں ۔ باوثوق و مقامی ذرائع کے مطابق 10 تا 15 افراد پر مشتمل ٹولی اس مقام پر قمار بازی میں ملوث ہے اور دن رات ان کی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ بارہا پولیس میں اس تعلق سے شکایت درج کروائی گئی ۔ باوجود اس کے بنجارہ ہلز پولیس پر الزام ہے کہ وہ مقامی عوام کی شکایت کو ان دیکھا کر رہی ہے مقامی ذرائع کے مطابق جہاں ان شر پسند غیر سماجی عناصر کی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ وہ علاقہ اونچائی پر ہے اور اس مقام سے عوام کی چھت اور ان کے مکانات کا نظارہ کیا جاسکتا ہے ۔ جس کے سبب عوام کو شدید تکلیف کا سامنا ہے ۔ انہوں نے الزامات لگائے ہیں کہ غیر سماجی عناصر جو رات میں اس مقام پر قمار بازی میں سرگرم رہتے ہیں عوام کی چھتوں پر گھیراؤ بھی کرتے ہیں اور طرح طرح سے انہیں پریشان کرتے ہیں ۔ سید نگر کی عوام نے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔