سید نگر میںشوہر کے ہاتھوں بیوی کا قتل

حیدرآباد ۔ 25 جون (سیاست نیوز) سید نگر کے علاقہ میں ایک شخص نے اپنی بیوی کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا۔ بنجارہ ہلز پولیس کے مطابق 30 سالہ شاہین بیگم جو سید نگر علاقہ کے ساکن سید اکرم کی بیوی تھی، آج اپنے شوہر کے مبینہ حملہ میں ہلاک ہوگئی۔ شاہین بیگم اور اکرم کی شادی 8 سال قبل ہوئی تھی اور اس کی تین لڑکیاں ہیں۔ یہ بات انسپکٹر بنجارہ ہلز مسٹر سرینواس نے بتائی۔ اکرم اور شاہین اکثر جھگڑتے تھے۔ اکرم بیکری میں کام کرتا تھا۔ روزانہ کے معمول کے جھگڑوں سے تنگ آ کر شاہین بیگم اپنی لڑکیوں کو لیکر مائیکے چلی گئی تھی جو سید نگر میں موجود ہے۔ 19 جون کو مائیکے جاکر آج وہ واپس لوٹی تھی اور لڑکیوں کو اسکول روانہ کرنے کی مصروفیت میں تھی کہ سید اکرم نے مسل سے اپنی بیوی پر حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔