گلبرگہ:/23 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) میگا اسپیڈ براڈ بینڈ کرکٹ انویٹیشن کپ ٹی 20ٹورنامنٹ کا 22اپریل کی صبح سید اکبر حسینی اسکول سنگتراش واڑی کے سرسبز میدان پر میگا اسپیڈ براڈ بینڈ(ایم ایس بی)اور اے سی سی واڑی کے درمیان افتتاحی میچ سے آغاز ہوا۔اس موقع پر مہمان خصوصی مسٹر وجئے مڈیالکر نے ٹاس اڑایا ۔ایم ایس بی کے کپتان جناب سید محمد علی الحسینی نے ٹاس جیتا اور پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔جو صحیح ثابت ہوا۔افتتاحی میچ تاخیر سے شروع ہونے کے باعث منتظمین نے میچ کو 15اوورس تک محدود کردینے کا اعلان کیا ۔ایم ایس بی کی اوپننگ جوڑی جو کپتان سید محمد علی السحینی اور محمد ناصر پر مشتمل تھی نے پہلے محتاط انداز میں شروعات کی اور بعد ازاں انھوں نے جارحانہ انداز اختیار کیا ۔ایم ایس بی نے اپنا پہلا وکٹ کپتان سید محمد علی الحسینی کی وکٹ کی شکل میں کھویا جنھیں 28کے انفرادی اسکور پر واڑی کی ٹیم کے محمد فاروق نے بولڈ کر دیا۔لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔دوسرے اینڈ سے محمد ناصر نے شاندار بلے بازی جاری رکھتے ہوئے اس ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری اسکور کی اور انھوں نے 101رن بنائے جس میں 3چھکے شامل ہیں۔ایم ایس بی نے جملہ 146رن بنائے اور ان کا صرف ایک ہی وکٹ گرا۔جواب میں واڑی کی ٹیم صرف 9وکٹ کھو کر صرف96رن ہی بنا پائی ۔اس کامیابی میں ایم ایس بی کے بلے بازوں نے جہاں مخالف ٹیم پر دبائو بڑھایا وہیں گیند بازوں نے بھی شاندار گیند بازی کے ذریعے مخالف ٹیم کے کسی بھی کھلاڑی کو ٹکنے نہیں دیا
۔ایم ایس بی کے گیند باز ولید ثعبان نے خطرناک گیند بازی کی اور 4اہم وکٹ حاصل کیے ۔محمد ناصر اور ولید ثعبان کو علی الترتیب ان کی شاندار گیند بازی اور بلے بازی کے لیے مشترکہ طورپر من آف دی میچ قرار دیا ۔آج کا دوسرا میچ سٹی الیون رائچور اور گجانن کرکٹ کلب بیدر کے مابین کھیلا گیا۔اس میچ کے مہمان خصوصی ڈاکٹر سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی اور مسٹر وجئے مڈیالکر سابق رانجی کھلاڑی اور کرناٹک کرکٹ اسوسی ایشن کوچ تھے۔حضرت تقدس مآب صاحب قبلہ نے اس موقع پر کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ کھیل کو اس کے جذبے کے ساتھ کھیلیں اور اس کے وقار و مرتبہ میں اضافہ کا موجب بنیں۔انھوں نے اس ٹورنامنٹ میں شریک تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد دی اور اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کھیل کے جذبے کے ساتھ بہترین کھیل پیش کیے جانے کی توقع کا اظہار بھی کیا۔بیدر کی گجانن سی سی نے ٹاس جیت کے پہلے بلے بازی کی اور 20اوورس میں انھوں نے سلیم کے شاندار 86رنوں کی بدولت 173رنز اسکور کیے ۔رائچور کی ٹیم نے جواب میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو آخر تک سنسنی خیز صورت اختیار کر گیا تھا جیت لیا۔رائچور کے کھلاڑیوں نے 8وکٹس کھو کر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ایم وجئے نے شاندار 62،یونس راجہ نے 35قابل ذکر رنز اسکور کیے۔