سید علی شاہ گیلانی علیل ، پاکستان کا پیام عیادت

نئی دہلی ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سخت گیر موقف کے حامل کشمیری علحدگی پسند لیڈر سید علی شاہ گیلانی کو آج سانس لینے میں دشواری کی شکایت پر جنوبی دہلی کے ایک خانگی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ 86 سالہ لیڈر نے سانس لینے میں مشکل اور ہائی بلڈپریشر کی شکایت کی جس پر انہیں میکس ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ قریبی ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹرس ان کے طبی معائنے کررہے ہیں۔ اسلام آباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے سید علی شاہ گیلانی کی عیادت کا پیغام روانہ کرتے ہوئے ان کی عاجلانہ صحتیابی کیلئے دعا کی اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔
وزیراعظم کا فروغ انسانی وسائل اور
نیتی آیوگ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
نئی دہلی ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج تعلیمی شعبہ سے متعلق اسکیموں اور مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے فروغ انسانی وسائل اور نیتی آیوگ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جو آج شام تقریباً ڈھائی گھنٹے جاری رہا۔ نیتی آیوگ کے عہدیداروں نے تعلیم سے متعلق اور اسکولوں و اعلیٰ تعلیم کے بارے میں تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ ایک ذریعہ کے بموجب طلبہ کے معیار تعلیم اور دیگر مختلف مسائل پر غوروخوض کیا گیا۔ مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی اور ان کی وزارت کے عہدیداروں وی ایس اوبرائے، ایس سی کھونٹیا، نیتی آیوگ کے سی پی او امیتابھ کانت اور وزیراعظم کے دفتر کے سینئر عہدیداروں نے مبینہ طور پر اس اجلاس میں شرکت کی۔