جاپان میں منعقد شدنی ایشین چیمپئن شپ میں مظاہروں پر پڑوسی ملک کے اخبارات کی بھی نظر
حیدرآباد ۔20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حیدرآبادی کراٹیکاز سیدہ فلک جنہوں نے اپنی شاندار فتوحات کے ذریعہ بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کا نام روشن کیا ہے اس کی ایک گونج پڑوسی ملک پاکستانی صحافت میں بھی سنائی دے رہی ہے جیسا کہ حالیہ دنوں میں فلک نے ہندوستان کے جنوبی شہر چینائی میں منعقدہ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرتے ہوئے سپٹمبر میں جاپان کے شہر یوکوہاما میں منعقد شدنی ایشین چیمپئین شپ کی بہتر تیاری کا ثبوت دیا ہے اس حوالے سے پاکستان کے ایک معروف ’’روزنامہ دنیا‘‘ ایک واضح خبر شائع کی ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ ’’ہندوستان بھر میں ان دنوں مسلم ویمن کراٹے چیمپئن سیدہ فلک کی دھوم مچی ہوئی ہے جنہوں نے حیدرآباد دکن میں واقع اپنے گھر میں ٹریننگ اور پریکٹس کی ہر سہولت جمع کر رکھی ہے جہاں وہ مشق میں مصروف رہتی ہیں۔ اکیس سالہ سیدہ فلک کا ٹریک ریکارڈ بھی مثالی ہے جو 2013ء میں سینئرنیشنل گولڈ ایوارڈ کے علاوہ انٹرنیشنل ایونٹس میں بھی 12 میڈلز جیت چکی ہیں اور ان کی خواہش کہ وہ مزید کامیابیاں حاصل کریں۔ وہ تیرہویں سینئر ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں بھی ہندوستان کی نمائندگی کریں گی جس کا انعقاد 4 سے 6 ستمبر تک جاپان کے شہر یوکوہاما میں ہوگا۔‘‘علاوہ ازیں اس تفصیلی خبر کے ساتھ اخبار نے فلک کی کوچ کے ساتھ ٹریننگ کی ایک تصویر بھی شائع کی ہے۔