لاس ویگاس، 29 مارچ (ای میل) حیدرآباد کی ’گولڈن گرل‘ سیدہ فلک نے بیرون ملک ایک اور زبردست فتح درج کراتے ہوئے یو ایس اوپن کراٹے چمپئن شپس میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ یہ کارنامہ انجام دینے والی وہ تلنگانہ کی اولین کراٹیکا بن گئی ہیں۔ پیرس لاس ویگاس ہوٹل کے کنونشن سنٹر میں 24 تا 27 مارچ منعقدہ کراٹے چمپئن شپس 2016ء میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے والی سیدہ فلک نے خاتون زمرے میں کمیٹ 42 میں مسابقت کی۔ سیمی فائنل میں حیدرآبادی اسٹار نے امریکی حریف رابنسن برانڈی کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی، جہاں انہوں نے یوکرین کی کیلومیٹس یولیا کو 8-4 سے مات دی۔ سیدہ فلک نے طلائی فتح کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے اس جیت کو اپنے ملک کے عوام کے نام معنون کیا اور اپنے ساتھ امریکہ میں موجود اپنے والدین سے بھی اظہار تشکر کیا جو بیرون ملک مقابلوں میں لگ بھگ ہمیشہ اپنی بیٹی کے ہمراہ ہوتے ہیں۔ سیدہ فلک کی امریکہ میں کامیابی کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر مبارکبادی کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ فلک نے سب کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ سیدہ فلک امریکہ سے اب دبئی کیلئے سفر کریں گی ،جہاں وہ 8 تا 10اپریل مجوزہ دبئی اوپن میں شرکت کے بعد امکان ہے 11 اپریل کو اپنے والدین کے ہمراہ حیدرآباد واپس ہوں گی۔