سیدہ فلک طویل ٹریننگ کیمپ کیلئے ٹاملناڈو روانہ

حیدرآباد ، 4 مئی (راست ) کراٹے اسوسی ایشن آف انڈیا کی جانب سے ٹاملناڈو کے مقام کوئمبتور میں 5 تا 31 مئی اَلٹیمیٹ ٹریننگ کیمپ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے اور اس ٹریننگ کیمپ کیلئے حیدرآباد کی معروف کراٹیکا سیدہ فلک کا انتخاب عمل میں آیا ہے جو کہ اس ٹریننگ میں شرکت کیلئے ٹاملناڈو روانہ ہوچکی ہیں۔ اس ٹریننگ کیمپ کی سب سے نمایاں بات یہ ہے کہ اس کیمپ کو یورپی ملک اسپین سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ کوچ انٹونیواولیوا کی نگرانی میں منعقد کیا جارہا ہے۔ اولیوا نہ صرف عالمی شہرت کے حامل کوچ ہیں بلکہ وہ ورلڈ مارشل آرٹس کے شعبے میں تحقیق اور تجربات کرنے والی تنظیم سی آئی سی اے سی کے رکن بھی ہیں۔ اس کیمپ کا مقصد ہندوستان کے اہم کراٹے ماہرین کو جدید تکنیک اور فائٹ کے گُر سے واقف کروانا ہے اور اس کیمپ کیلئے ہندوستان بھر سے ایسے کراٹیکاز کا انتخاب عمل میں آیا ہے جنھوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح شاندار مظاہرہ پیش کیا ہے۔ اور اس معاملے میں حیدرآبادی کراٹیکا میرٹ اساس پر منتخب ہوئی ہیں۔