ممبئی 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری کو ’’ڈوبتی کشتی‘‘ کے کیپٹن قرار دیتے ہوئے شیو سینا نے آج کہا کہ بائیں بازو پارٹی نے ملک میں اپنی افادیت کھودی ہے اس کو ایک طاقتور اپوزیشن کا موقف حاصل نہیں ہے۔ اس نے اپنی ساکھ کھودی ہے ۔ سی پی آئی ایم کے سابق جنرل سکریٹری پرکاش کرت کے دور کو ’’ناکام‘‘ قرار دیتے ہوئے شیو سینا نے کہا کہ اس پارٹی کے لوک سبھا میں کبھی تقریباً 50 ارکان پارلیمنٹ ہوا کرتے تھے اب اس کی تعداد گھٹ کر 10ہوگئی ہے ۔ شیو سینا نے اپنے اخبار سامنا کے اداریہ میں لکھا ہے کہ پرکاش کرت کا دورہ بری طرح ناکام رہا ہے جس پارٹی نے مغربی بنگال میں تقریبا 3 دہوں تک حکومت کی تھی ممتا بنرجی نے اس پارٹی کا صفایا کردیا ہے۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب لوک سبھا میں اس پارٹی کے 50 ارکان ہوا کرتے تھے۔سی پی آئی ایم میں مایوسی پیدا ہوئی ہے ۔ ارکان کے اندر عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے ۔ پارٹی کی صفوں میں ناراضگیاں ہیں ۔ ایسے میں سیتا رام یچوری کو جنرل سکریٹری بنایا گیا ہے دراصل وہ ایک ڈوبتی کشتی کے کیپٹن بنائے گئے ہیں ۔ سیتا رام یچوری کو اتوار کے دن سی پی آئی ایم کا نیا جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا تھا ۔ مہاراشٹرا میں بی جے پی کی حلیف پارٹی نے سیتا رام یچوری کی ستائش کرتے ہوئے انہیں غیر معمولی پارلیمنٹرین قرار دیا اور کہا کہ وہ ایک منجھے ہوئے مصنف ہیں اور اپنے ساتھ دیگر سیاسی پارٹیوں کے قائدین کو لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔