سورت، 2فروری (سیاست ڈاٹ کام) ریزرویشن تحریک کمیٹی کے کنوینر ہاردک پٹیل نے آج خبردار کیا کہ گذشتہ 31جنوری کو گجرات میں حکمراں بی جے پی کی یوتھ ونگ کے ریاستی صدر رتوج پٹیل کی یہاں ریلی کے دوران ان پر سیاہی پھینکنے والے ان کے حامیوں سے مارپیٹ کرنے والے بی جے پی کارکنوں کو اگر پکڑا نہیں گیا تو وہ 9 فروری کو پونا تھانے کا گھیراؤ کریں گے۔ غداری کے معاملے میں ضمانت کی شرط کے مطابق 6 ماہ گجرات کے باہر گزارنے کے بعد گزشتہ ماہ واپس لوٹے ہاردک آج مسلسل تیسرے جمعرات کو یہاں کرائم برانچ کے دفتر میں حاضر ہوئے۔ اس کے بعد انہوں نے مذکورہ واقعہ میں زخمی اپنے حامی وجے مانگیا سے یہاں سمیمیر اسپتال میں ملاقات بھی کی۔ اپنی پُرتشدد تحریک کی وجہ سرخیوں میں رہ چکے ہاردک نے اس موقع پر صحافیوں سے کہا کہ سیاہی اور انڈے پھینکنا احتجاج کا جمہوری طریقہ ہے ۔ دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پر بھی سیاہی پھینکنے کی وارداتیں ہوچکی ہیں اور پارلیمنٹ میں چپلیں اچھالی جا چکی ہیں لیکن ایسا کرنے والوں کو مارنے کا حق کسی کو نہیں ہے۔ انہوں نے حکمراں بی جے پی پر غنڈہ گردی والی حکومت چلانے کا الزام بھی لگایا۔ واضح رہیکہ بی جے پی صدر امیت شاہ کی موجودگی میں گزشتہ سال یہاں ایک پروگرام میں کرسیاں اچھالنے کی وجہ سے سرخیوں میں رہے وجے مانگیا نے ہاردک کے ہی شہر ویرمگام کے رہنے والے بی جے وائی ایم کے نئے صدر رتوج پٹیل پر سیاہی پھینک دی تھی۔ اس کے بعد بی جے پی کارکنوں نے مبینہ طور پر اس کی پٹائی کی اور اسے پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔