سیاسی مفادات کیلئے تعصب ، سلامتی کیلئے خطرہ

مکہ مسجد بم دھماکہ کیس میں این آئی اے کی ناکامی پر اظہار ِ تشویش
محبوب نگر۔ 19 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مکہ مسجد بم دھماکہ کیس میں حکومت کے مضبوط ترین ادارے سی بی آئی این آئی اے کی ناکامی عوام کیلئے تشویش کا باعث بن گئی ہے۔ محمد حنیف، احمد صدر ایم آر یوسف، راما کرشنا ریاستی قائد، سی پی آئی اور محمد خلیل نے اپنے مشترکہ بیان میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 11 سال طویل عرصہ ثبوت اور گواہوں کو جمع کرنے کی کوشش کی اور ناکام ہوگئے۔ آخر کار وہ تمام باعزت بری ہوگئے اور کیسیس خارج کردیئے گئے۔ انہوں نے حکومت سے پوچھا کہ آخر 11 سال میں ادارے نے کیا تحقیقات کیں؟ حکومت، ظالموں کو گرفتار کرنے میں کیوں پس و پیش کررہی ہے۔ عوام انصاف کے تعلق سے تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔ آج مکہ مسجد متاثرین کو ناامیدی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ حکومت کی گرفت مضبوط نہ ہونے سے سماج میں جرائم کی شرح خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے۔ جنسی جرائم، عصمت ریزی روز کا معمول بن گئے ہیں۔ سیاسی مفادات کیلئے تعصب کا استعمال امن و سلامتی کیلئے خطرہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آئی اے اور سی بی آئی جیسے اداروں میں سیاسی دباؤ اور مداخلت نہ ہو تویہ آزادانہ کام کرتے ہوئے متاثرین کو انصاف دلا سکتے ہیں۔ حکومت فاسٹ ٹریک کورٹس و تحقیقاتی ادارے سیاسی دباؤ کے بغیر کام کرتے ہوئے 90 دنوں کے اندر مجرمین کو سزا دیں تو عوام میں اعتماد بحال ہوسکتا ہے۔ پریس کانفرنس میں خواجہ معین الدین، عبدالجبار، رام موہن اور دیگر موجود تھے۔