سیاسی مداخلتوں کے باعث تعلیمی معیار میں انحطاط : کجریوال

نئی دہلی ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) تعلیمی نظام میں گرتے معیار پر چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کہا کہ تعلیمی شعبہ میں سیاسی مداخلتوں کے باعث اس کا معیار ابتر ہورہا ہے لیکن ان کی حکومت ایسی کوئی مداخلت نہیں کرے گی بلکہ صرف تعلیمی اداروں کو وسائل فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی۔ اروند کجریوال نے کہا کہ عام آدمی پارٹی حکومت کی ’’سب سے اولین ترجیح‘‘ تعلیم کو معیار بنانا ہے۔ اس کیلئے ان کی حکومت تمام تعلیمی اداروں کی ہر ممکنہ مدد کرے گی۔ اروند کجریوال یہاں گرد گوبند سنگھ اندرا پرتشٹھا یونیورسٹی کے 10 ویں کانوکیشن سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ایک ’’سادہ چیک‘‘ حوالے کیا ہے اور ان سے کہا ہیکہ وہ اس ادارہ کو دنیا کی تمام 100 اعلیٰ یونیورسٹیوں میں سے ایک یونیورسٹی بنانے کیلئے ایک بلیو پرنٹ تیار کریں۔ اس تقریب میں نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری بھی شریک تھے۔ انہوں نے ملک میں تعلیمی تحقیق میں فقدان پر اظہار تشویش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک فیصدطلبہ ہی اعلیٰ تعلیم میں حصہ لیتے ہیں اور مختلف شعبوں میں ریسرچ کیلئے کام کرتے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہیکہ طلبہ میں ریسرچ پر توجہ دینے کا فقدان پایا جاتا ہے۔