شرڈی 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت نے کہاکہ وہ ملک کے تمام ارکان پارلیمان کو اُن کی گہری نیند سے جگانا چاہتی ہیں تاکہ وہ عام آدمی کو درپیش مسائل پر توجہ دیں۔ سائی بابا مندر میں پوجا کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے راکھی ساونت نے کہاکہ ارکان پارلیمان کو اُن کی گہری نیند سے جگانے کے لئے وہ لوک سبھا انتخابات لڑنا چاہتی ہیں۔ سیاسی قائدین عوام کا خون چوس چوس کر گینڈوں کی طرح پھول گئے ہیں۔ راکھی ساونت ممبئی جنوب مغربی سے لوک سبھا انتخابات لڑنے والی ہیں۔ جب اُن سے یہ پوچھا گیا کہ وہ کس پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابی مقابلہ کرنا چاہتی ہیں تو اُنھوں نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ وہ آج ایک دن اور انتظار کرلیں اور کہاکہ ہفتہ کو وہ اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گی۔
اڈیشہ میں وزیراعظم، سونیا اور راہول گاندھی مہم چلائیں گے
بھوبنیشور 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم منموہن سنگھ، صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی اوڈیشہ میں پارٹی کی انتخابی مہم کے اہم قائدین ہوں گے جہاں کانگریس کو خود اپنے ہی باغی امیدواروں سے اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ درپیش ہے۔ دریں اثناء اے آئی سی سی انچارج برائے اوڈیشہ بی کے ہری پرساد نے کہاکہ راہول گاندھی 31 مارچ کو اوڈیشہ آئیں گے اور سونیا گاندھی اُن کے بعد آئیں گی۔ اُنھوں نے منموہن سنگھ کے دورے کی کوئی قطعی تاریخ نہیں بتائی۔ یاد رہے کہ اوڈیشہ میں دو مراحل میں انتخابات منعقد شدنی ہیں۔ پہلا مرحلہ 10 اپریل اور دوسرا مرحلہ 17 اپریل کو مکمل ہوگا۔