سیاست کی مہم کے مثبت نتائج برآمد

ورنگل /26 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اخبار سیاست کی جانب سے چلائی جانے والی تحریک کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ آج کئی مسلم بچیوں کی بغیر لین دین کی شادیاں ہو رہی ہیں اور نکاح کے دن اسراف سے بچتے ہوئے سادی سی تقریب منعقد ہو رہی ہے۔ حال ہی میں محمد مجاہد کنوینر ویلفیر پارٹی آف انڈیا ورنگل کے بڑے بھائی کی لڑکی کی شادی انتہائی سادگی سے انجام پائی۔ شادی کے موقع پر صاف لکھ دیا گیا تھا کہ دس بجے شب شادی کی تقریب ختم ہو جائے گی، لہذا دس بجے کے بعد کوئی بھی مہمان آنے کی زحمت نہ کریں۔ نوشہ سید عمر فاروق اسسٹنٹ پروفیسر کیئر کالج آف فارمیسی نے اپنے پیسوں سے پلنگ اور بستر خریدا اور دلہن والوں کی طرف سے عقد کے دن صرف کاجو رائس سادہ کھانا،

ایک ہی قسم کا رائس اور ایک میٹھا رکھا گیا تھا۔ 9-30 بجے شب دلہن کی رخصتی ہو گئی اور دولھے کی طرف سے مہر کی رقم نقد ادا کی گئی۔ اسی طرح جناب محمد خواجہ عارف الدین امیر جماعت اسلامی ہند آندھرا پردیش نے اپنے لڑکے کی شادی انتہائی سادگی سے کی، جو لوگوں کے لئے مثالی ہے۔ آج بغیر لین دین اور سادگی سے تقریب شادی کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے، لہذا سیاست کی تحریک میں شامل ہوتے ہوئے مسلم معاشرہ سے لین دین اور اسراف والی شادیوں کو روکا جا سکتا ہے، جب کہ کئی خاندان اسراف کی شادیوں کے سبب برسوں قرض ادا کرتے ہیں۔