’سیاست‘ کی فلاحی خدمات سماج کیلئے مشعل راہ

چیف منیجر ایس بی ایچ پردھان کا تاثر، نرمل میں سلائی سنٹر کا معائنہ،مستحق10 خواتین کو ٹیلرنگ مشین کا عطیہ

نرمل۔/7اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منیجر اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد شاخ نرمل نے آج پنچشیل بی ایڈ کالج، گاجل پیٹ پہنچ کر روز نامہ ’سیاست‘ کے زیر اہتمام ٹیلرنگ سنٹر کا معائنہ کیا۔ چیف منیجر جناب پردھان نے ٹیلرنگ سنٹر کے معائنہ کے بعد  مسرت و طمانیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے روز نامہ سیاست کی سماجی و فلاحی خدمات کو سماج کیلئے مشعل راہ قرار دیا۔ انہوں نے نیوز ایڈیٹر روز نامہ سیاست جناب عامر علی خاں کو فون پر گفتگو کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ شہر نرمل میں مسلم خواتین کو خود مکتفی بنانے کے مقصد سے ٹیلرنگ سنٹر چلارہے ہیں جو کہ یقینا قابل ستائش امر ہے۔ جناب سید جلیل ازہر سینئر اسٹاف رپورٹر روز نامہ سیاست نرمل کی توجہ دہانی اور نمائندگی پر چیف منیجر ایس بی ایچ (SBH) جناب پردھان نے روز نامہ سیاست کے ٹیلرنگ سنٹر سے تربیت یافتہ 10مستحق خواتین میں بینک کی اسکیم کے تحت سلائی مشین (Sewing Machines) عطاء کئے جس کے لئے ماہانہ صرف 300روپئے استفادہ کنندگان کو بینک کو ادا کرنے ہوں گے۔ جناب سید خواجہ ہدایت علی فاریسٹ رینج آفیسر ( ایف آر ایس ) و صدر تلنگانہ مسلم ایمپلائز اسوسی ایشن نرمل و جناب محمد اطہر الدین جنرل سکریٹری اسوسی ایشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اس ٹیلرنگ سنٹر سے تربیت حاصل کرتے ہوئے روزگار سے منسلک ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ اس سنٹر میں تربیت حاصل کرنے والی خواتین و لڑکیوں کے مسائل کے حل اور ان کی ممکنہ امداد کیلئے اسوسی ایشن کا بھرپور تعاون رہے گا۔ مذکورہ قائدین نے ٹیلرنگ سنٹر کے کامیاب اہتمام پر نیوزایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں کی سراہنا کی اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ جناب انصار احمد ساحل صدر گلوبل ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی نرمل نے ٹیلرنگ سنٹر کیلئے پنچشیل کالج کی فراہمی پر جناب محمد عبدالنوید ڈائرکٹر پنچشیل کالجس کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹیلرنگ کی تربیت پانے والے خواتین کیلئے پانی اور دیگر سہولتوں کا بندوبست کیا۔ مسٹر ساحل نے سنٹر کا خصوصی معائنہ کرنے والے چیف منیجر ایس بی ایچ جناب پردھان سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے اپنے قیمتی وقت کو صرف کرتے ہوئے سنٹر کی لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کی اور آسان اقساط کی ادائیگی پر مستحق خواتین میں سلائی مشینوں کی درخواستوں کو بلاکسی تاخیر منظوری دی۔ مسٹر ساحل نے جناب سید جلیل ازہر کے جذبہ خدمت کی ستائش کی جن کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کے نتیجہ میں چیف منیجر نے فوری اثر کے ساتھ خواتین میں مشینس حوالے کیا۔ واضح رہے کہ روز نامہ ’سیاست‘ کے زیر اہتمام ٹیلرنگ سنٹر کے پہلے بیاچ کی کامیاب تکمیل کے بعد دوسرا بیاچ چل رہا ہے جس میں 40 خواتین سنٹر سے مستفید ہورہی ہیں۔ اس موقع پر جناب شیخ شبیر لکچرر اور نائب صدر گلوبل سوسائٹی بھی موجود تھے۔