’’سیاست‘‘ کی خبر کا اثر عیدگاہ و قبرستان کی اراضی کے تحفظ کیلئے اقدامات

عادل آباد میں غیرمجاز پلاٹنگ روکنے اور حصاربندی کروانے جوگورامنا کا تیقن
عادل آباد ۔ 4 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر عادل آباد کے KRK کالونی میں عیدگاہ و قبرستان کی اراضی پر غیرمجاز پلاٹنگ کرکے فروخت کرنے کی خبر روزنامہ سیاست میں 2 جولائی کو شائع ہوئی تھی جس کے پیش نظر ٹی آر ایس پارٹی قائدین میں ٹاؤن کمیٹی صدر مسٹر سید ساجد الدین، مائناریٹی ضلع صدر مسٹر محمد ظہورالدین، بلدیہ کونسلر مسٹر ظہیر رمضانی، مجاہد شاہ و دیگر کے ریاستی وزیر مسٹر جوگورامنا کی ہدایت پر KRK کالونی کا دورہ کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ قبرستان و عیدگاہ کی پانچ ایکڑ اراضی کا مشاہدہ کیا۔ محکمہ فاریسٹ عہدیدار کو طلب کیا جنہوں نے محکمہ فاریسٹ کی جانب سے پانچ ایکڑ اراضی KRK کالونی کے مقامی افراد کے حوالہ کیا تھا۔ اراضی کی نشاندہی کے دوران ثابت ہوچکا کہ 10 تا 12 پلاٹس بنائے گئے ہیں۔ ٹی آر ایس قائدین نے ریاستی وزیر مسٹر جوگورامنا کو تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے پلاٹنگ کی خاطر نصب کردہ پتھروں کو نکالنے کا تیقن دیا۔ قبرستان و عیدگاہ کی اراضی کی حفاظت کی خاطر اس کی حصاربندی کرنے سے بھی اتفاق کیا۔ ٹی آر ایس قائدین نے روزنامہ سیاست میں شائع کردہ خبر پر اظہارتشکر بھی کیا۔