سیاست کو مجرمانہ رنگ سے پاک بنانے کی کوشش

نئی دہلی ، یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) لا کمیشن نے آج مختلف حاملین مفاد بشمول سیاسی جماعتوں سے سیاست کو مجرمانہ عناصر سے پاک کرنے اور جھوٹے حلف نامے داخل کرنے والوں کو نااہل قرار دینے کے مسائل پر رائے طلب کی ہے۔ آج ایک روز طویل مشاورتوں کی اساس پر کمیشن ان دونوں مسائل پر رپورٹ کو قطعیت دے گا جو اسے اس ماہ کے اواخر سپریم کورٹ میں پیش کرنا ہے۔

ڈسمبر میں عدالت نے پیانل سے ان مسائل پر رپورٹ پیش کرنے کہا تھا آیا نااہل قرار دینے کا عمل سزادہی پر شروع کردیا جانا چاہئے جیسا کہ موجودہ طور پر ہے یا الزامات وضع کرنے پر یا چارج شیٹ کے ادخال پر اور آیا قانون عوامی نمائندگی کے سیکشن 125 A کے تحت جھوٹے حلف نامہ کا ادخال نااہلیت کیلئے بنیاد ہونا چاہئے۔ اور اگر ہاں تو اس کی نااہلیت کیلئے کیا طریقہ کار ہونا چاہئے۔ کمیشن کے چیرمین جسٹس (ریٹائرڈ) اجیت پرکاش شاہ نے کہا کہ پیانل ملک میں سیاست کو مجرمانہ رنگ سے پاک کرنے کے مسئلے پر کام کرتا آیا ہے اور اس پر قوانین کے ذریعہ کس طرح قابو پایا جائے۔