سیاست ٹی وی ملت کی آواز

روزنامہ سیاست نے آج سے 72 سال قبل اپنے صحافتی سفر کے آغاز کے ساتھ ہی خود کو مظلوموں کمزوروں کی آواز ثابت کیا۔ جمہوری ہندوستان میں مسلم اقلیت کے حقوق کے لئے بطور خاص آواز اُٹھائی اور اس کے انتظامیہ نے ہمیشہ سے ہی مسلمانوں کو زندگی کے تمام شعبوں بالخصوص تعلیمی و معاشی شعبوں میں دیگر ابنائے وطن کے شانہ بشانہ لاکھڑا کرنے کی کوشش کی اور اس ضمن میں ان میں بہتر انداز میں شعور بھی بیدار کیا۔ پچھلے سات دہوں سے زائد عرصہ کے دوران روزنامہ سیاست جس نے جناب عابد علی خاں مرحوم اور جناب محبوب حسین جگر کی رہنمائی و قیادت میں اپنی شروعات کی تھی مسلمانوں کی ہر شعبہ میں رہنمائی کا حق ادا کیا۔ ان کے خلاف ظلم و زیادتی اور ناانصافی کے خلاف مؤثر انداز میں آواز اٹھائی۔ آج روزنامہ سیاست ایک اخبار ہی نہیں بلکہ اقلیت کی ترقی و بہبود اور قومی یکجہتی کے فروغ کی ایک مثالی تحریک بن گئی ہے۔ ایک ایسی تحریک جسے نہ صرف تلنگانہ اور ہندوستان بلکہ ساری دنیا میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ سیاست نے ہمیشہ خود کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا۔ 90 کے دہے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اپنانے والے سرفہرست اخبارات میں روزنامہ سیاست بھی شامل تھا۔ اُسے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے والے ہندوستان کا پہلا اُردو اخبار ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ اس کے بعد سیاست نے مزید پیشرفت کرتے ہوئے ای پیپر کے ذریعہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اپنے قارئین تک خبریں پہنچائیں۔ اس طرح سیاست ویب سائٹ شروع کرتے ہوئے اُردو جاننے والے لاکھوں افراد تک اس کی رسائی کو یقینی بنایا۔ آج روزنامہ سیاست کا ساری دنیا میں آن لائن مطالعہ کیا جاتا ہے اور آن لائن مطالعہ کرنے والے قارئین کی تعداد کئی ملین تک پہونچ گئی ہے۔ سیاست کی آن لائن خبروں کے مطالعہ کے ساتھ ساتھ قارئین کو سیاست ویڈیوز کے مشاہدہ کی سہولت فراہم کی گئی۔ قارئین کو خبروں کی سماعت کی سہولت فراہم کرنے کی خاطر گزشتہ 15 اگسٹ کو بولتا سیاست شروع کیا گیا اور اب سیاست ٹی وی کا آغاز کیا گیا ہے جس کے ذریعہ ملت مظلوم کی آواز نہ صرف اقتدار کے ایوانوں میں پہنچائی جائے گی بلکہ اقلیتوں کے ساتھ کی جارہی ناانصافیوں، تعصب و جانبداری کو بے نقاب کیا جائے گا۔ مفا۰۰دات حاصلہ کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ سیاست ٹی وی کے ذریعہ انشاء اللہ ناظرین کو قرآن مجید کی تلاوت معہ ترجمہ و تفسیر، درس حدیث کی سماعت کا موقع ملے گا۔ اس طرح وہ اپنے گھروں اور دفاتر میں بیٹھے اپنے موبائیل فونس پر سیاست ٹی وی کے ذریعہ ممتاز علماء کے خطابات سے بھی استفادہ کرپائیں گے۔ انھیں تعلیمی، اقتصادی اور روزگار کی خبریں دیکھنے اور سننے کا بھی موقع ملے گا۔ کھیل کود کی خبروں اور جرائم کی رپورٹس کا بھی وہ مشاہدہ کرسکیں گے۔ میں بارگاہ رب العزت میں سیاست کے اس کامیاب سفر کے لئے سجدہ شکر بجا لاتا ہوں۔ اللہ رب العزت اپنے حبیب پاک صلی اللہ علیہ و سلم کے صدقہ میں سیاست کو کامیابی کی سمت گامزن رکھا ہے۔