فنون لطیفہ میں مہارت پیدا کرنے کا مشورہ ، ایم ڈی ایف ٹیم کا دورہ مراکز ، جناب عابد صدیقی کا اظہار اطمینان
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( دکن نیوز ) : ادارہ سیاست اور مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام ووکیشنل سمر کیمپ 2016 کے سلسلہ میں آج جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف کے زیر قیادت فورم کے وفد نے مختلف مراکز کا معائنہ کیا ۔ وفد میں محمد برکت علی کوآرڈینٹر ، ایم اے قدیر نائب صدر ، احمد صدیقی مکیش ، سید اصغر حسین ، اے اے کے امین ، صالح بن عبداللہ باحاذق ، محمد نصر اللہ خاں شامل تھے ۔ ولایت علی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کشن باغ کے مرکز پر محترمہ افسر سعیدہ ، محترمہ ثمینہ بیگم اور جناب مظفر ماجد نے استقبال کیا ۔ جہاں ٹیلرنگ ، موتی ورک ، مہندی ، اسپوکن انگلش اور کمپیوٹر کی تربیت دی جارہی ہے ۔ مسرز سروپا نے بتایا کہ سنٹر سے مختلف پیشہ وارانہ کورس میں 25 طالبات اور خواتین تربیت حاصل کررہی ہیں ۔ اس موقع پر طالبات نے ریکارڈنکس اور ٹیلرنگ کے مختلف نمونے پیش کئے ۔ وفد نے ایکسیلنٹ انسٹی ٹیوٹ سات گنبد روڈ ٹولی چوکی کا معائنہ کیا ۔ جہاں پر ٹیلرنگ ، مہندی ڈیزائننگ ، بیوٹیشن اور ویجیٹبل کار ونگ کی تربیت دی جارہی ہے ۔ محترمہ وسیمہ انچارج انسٹی ٹیوٹ نے بتایا کہ اس مرکز میں تعلیم یافتہ طالبات نے شرکت کی ہے ۔ لڑکیوں نے ویجیٹبل کار وینگ کے تحت تربوز پر ’ سیاست اور ایم ڈی ایف ‘ کی کاروینگ کا کام کر کے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ثمینہ فردوس انسٹرکٹر نے بتایا کہ مہندی ڈیزائننگ میں طالبات ہندوستانی اور عربی ڈیزائن کا کام سیکھ رہی ہیں ۔ جناب عابد صدیقی نے طالبات اور خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ فن میں مہارت پیدا کریں ۔ اس کے بعد وفد نے سہارا ڈائگناسٹک سنٹر مہدی پٹنم کا معائنہ کیا ۔ جہاں پری میڈیکل کورس کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ جناب اے اے کے آمین ڈائرکٹر سنٹر اور نے امیدواروں کا تعارف کروایا ۔ طالبات نے بتایا کہ لیاب ٹکنیشن کرنے کا مقصد خدمت خلق ہے ۔ ڈاکٹر نورین ، ڈاکٹر مقیت ، ڈاکٹر اریب انصاری نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کورس کی تکمیل کے بعد مختلف دواخانوں اور کلینکس میں باآسانی روزگار مل سکتا ہے ۔ ٹیم نے الفتح ٹیلرنگ سنٹر اور کلاسک بوٹیک ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ( مہدی پٹنم ) کے مراکز پر فزیوتھراپی ، ٹیلرنگ اور دیگر کورس کی تربیت جاری ہے ۔ محترمہ مہر النساء انچارج الفتح ٹیلرنگ سنٹر نے بتایا کہ اس وقت 24 طالبات تربیت حاصل کررہی ہیں ۔ محترمہ روبی کے بموجب فزیوتھراپی کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر کئی طالبات اور خواتین فزیوتھراپی میں تربیت حاصل کرنے کے خواہاں ہیں ۔ خواتین کو فزیوتھراپی کی تربیت دی جارہی ہے ۔ مہر النساء نے بتایا کہ ٹیلرنگ فزیوتھراپی کے علاوہ اردو دانی کلاس بھی بہ پابندی سے منعقد کی جارہی ہیں ۔ ٹیم نے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیلی کمیونیکیشن ( جامعہ نظامیہ اسٹیٹ گن فاونڈری ) کے مرکز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا ۔ جہاں کمپیوٹر ہارڈویر ، موبائل ریپرنگ اور سی سی کیمرے کی تربیت کا اہتمام ہے ۔ محمد عاصم اعجاز اور محمد مصطفی حسن نے بتایا کہ سی سی ٹی وی اور موبائل کی تربیت کے بعد روزگار کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے ایرکنڈیشنڈ اور ریفریجٹر کی تربیت کے لیے کورس شروع کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ اس سلسلہ میں ان کے انسٹی ٹیوٹ کا بھر پور تعاون حاصل رہے گا ۔ انہوں نے مسلم نوجوانوں کی تعلیم اور روزگار کے سلسلہ میں سیاست کی نمایاں خدمات کی ستائش کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے ۔ جناب محمد برکت علی نے مراکز کے ذمہ داروں اور وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا ۔۔