سیاست نچلی سطح تک گرگئی ہے ۔ رابرٹ واڈرا کا بیان

نئی دہلی 10 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا نے آج کہا کہ ملک کی سیاست بہت نچلی سطح تک گرگئی ہے اور مایوسانہ کوششیں دکھائی دینے لگی ہیں کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی پر شخصی حملے و تنقیدیں کرنی شروع کردی ہیں۔ رابرٹ واڈرا نے اپنے ٹوئیٹر اور فیس بک اکاونٹ پر تحریر کیا کہ سیاست ہمیشہ سے نچلی سطح تک گرگئی ہے ۔ مایوسانہ کوششیں دکھائی دینے لگی ہیں۔ ایک مقتول وزیر اعظم راجیو گاندھی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ ملک کے عوام کو گمراہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی کے افراد خاندان ان کے ویژن کو آگے بڑھانے کیلئے جدوجہد کرینگے اور ملک کے عوام بھی ان کے ساتھ ہونگے ۔ وہ راجیو گاندھی کی عزت و احترام کیلئے جدوجہد کرینگے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہمارے ملک میں ایک قابل احترام تبدیلی لائی جائے ۔ رابرٹ واڈرا سونیا گاندھی کے داماد اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے شوہر ہیں۔