نئی دہلی ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انڈین میڈیکل اسوسی ایشن نے آج تمام سیاستدانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے صحت کی تفصیلات کا اعلان کریں جیسا کہ ان کے مالیاتی اثاثہ جات کا اعلان کیا گیا تھا۔ دہلی میں 7 فبروری کو اسمبلی انتخابات منعقد ہیں۔ ایسے میں تمام امیدواروں کو اپنے صحت کے موقف کے بارے میں رائے دہندوں کے سامنے اعلان کرنا ہوگا۔ یہ رائے دہندہ کا حق ہے کہ وہ ایسے امیدوار کی صحت کے بارے میں جانکاری رکھے جنرل سکریٹری انڈین میڈیکل اسوسی ایشن ڈاکٹر کے کے اگروال نے کہا کہ آئندہ 5 سال کے لئے سیاستدانوں کو کسی تشویش میں مبتلاء ہونے سے بچانے کیلئے ان کی صحت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ سیاستدانوں کو سماج کا اہم رکن مانا جاتا ہے۔ ان کی عمارتیں نئی نسل کیلئے اثر انداز ہوسکتی ہیں۔ اگر سیاستداں موٹاپے کا شکار ہیں یا سگریٹ اور شراب پیتے ہیں تو اس سے نئی نسل کو غلط پیام جائے گا۔