سیاستداں بننے کیلئے آر ایس ایس کے انسٹی ٹیوٹ میں تربیت

کسی بھی پارٹی کے سیاستداں کو بہترین تربیت دینے والا منفرد کورس
نئی دہلی ۔ 25جون ( سیاست ڈاٹ کام ) آر ایس ایس نے سیاستداں بنانے والا ایک ادارہ قائم کیا ہے ‘ جہاں کسی بھی پارٹی کے سیاستداں کو بہترین طریقہ سے تربیت دی جائے گی اور اس کیلئے ایک منفردکورس تیار کیا گیا ہے ۔ رام بھومینگی پربھودن کی جانب سے قیادت ‘ سیاست اور حکمراں کا ریذیڈنشیل کورس شروع کیا جائے گی ۔ مہاراشٹرا کے ضلع تھانے کے مقام پر اس کیمپس میں سیاستداں بننے کے تمام گُر سکھائے جائیں گے ۔ یہ کورس کسی کیلئے بھی کھلا رہے گا جس میں بیچلرس کی ڈگری کے ساتھ کورس کی تربیت دی جائے گی ۔ سیاستداں بننے کے خواہاں افراد ‘ سیول سرونٹس ‘ صحافیوں اور دیگر کو اس کورس سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا ۔ اس ادارہ کے انتظامیہ نے کہا کہ ان کے ادارہ میں 40طلبہ کے بیاچ کو تربیت دی جائے گی جس کیلئے فی طالب علم 2.5لاکھ روپئے فیس ہوگی جس میں اسٹڈی ٹورس ‘ ہاسٹل اور کھانے کے اخراجات بھی شامل ہیں ۔ اس کورس میں داخلہ کیلئے آحری تاریخ 30 جون ہے جبکہ اس کورس کا آغاز یکم اگست سے ہوگا ۔