سیاستدانوں کو کھیل سے دور رکھا جائے : راہول گاندھی

نئی دہلی ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ ملک میں سیاستدانوں کو اسپورٹس سے دور رکھا جائے تاکہ کھیلوں کو تنازعات سے پاک رکھا جاسکے۔ یہاں نیشنل یوتھ پالیسی 2014ء اور راجیو گاندھی کھیل ابھیان کو متعارف کی جانے والی تقریب سے اظہارخیال کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ملک میں جب اسپورٹس کے متعلق فیصلے کرنے ہوتے ہیں تو ان افراد کو اختیارات حاصل ہونے چاہئے، جن کا تعلق اسپورٹس سے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدانوں کو اسپورٹس سے دور رکھتے ہوئے کھیلوں کے فیصلہ کو ایسے افراد کو فراہم کردینے چاہئیں جن کا کھیل سے راست تعلق ہو۔

علاوہ ازیں عام آدمی کو بھی ہندوستان میں سیاست کی تبدیلی کیلئے اسی طرح کے اختیارات فراہم کئے جانے چاہئیں۔ راہول گاندھی نے ہندوستان میں سیاست کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہی پالیسی سیاست پر بھی نافذ ہونی چاہئے کہ اگر آپ ملک میں سیاسی تبدیلی چاہتے ہیں تو عام آدمی کے علاوہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ اختیارات دیئے جانے چاہئیں۔ اس موقع پر میری کوم، وجئے دھر سنگھ، پی گوپی چند، اشونی ناچپا اور دیگر موجود تھے۔