سہیل محمود پاکستان کے نئے معتمد خارجہ

اسلام آباد 31 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ہائی کمشنر برائے ہندوستان و معروف سفارتکار سہیل محمود پاکستان کے نئے معتمد خارجہ ہونگے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج یہ اعلان کیا ۔ قریشی نے ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سہیل محمود کو معتمد خارجہ مقرر کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سہیل محمود کو ملک کا نیا معتمد خارجہ مقرر کیا جا رہا ہے ۔ پاکستان کی موجودہ معتمد خارجہ تہمینہ جنجوعہ 16 اپریل کو سبکدوش ہو رہی ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ سہیل محمود کے بعد ہندوستان میں پاکستانی سفیر کون ہونگے ۔ قریشی نے کہا کہ انہوں نے سہیل محمود سے ہفتہ کو فون پر بات چیت کی ہے اور انہیں نئے تقرر پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ وہ ایک معروف سفارتکار ہیں ۔ وہ پلواما حملوں کے بعد پاکستان آئے تھے اور انہوں نے اپنے تجربہ سے یہاں حکام کو واقف کروایا تھا ۔ محمود قریشی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سہیل محمود معتمد خارجہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کی بہتر انداز میں تکمیل کریں گے ۔