سہیل خان بنگلہ دیش دورہ میں پاکستانی ٹیم سے باہر

کراچی 12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی فاسٹ بولر سہیل خان کو بنگلہ دیش کے دورہ میں شامل نہیں کیا جارہا ہے کیونکہ اُن کی پیٹھ میں زخم ہے ۔ سہیل خان کی جگہ جنید خان کو شامل کیا گیا ہے۔پاکستانی ٹیم کیلئے یہ دوسرا دھکہ ہے جبکہ بیٹسمین صہیب مقصود کو بھی گذشتہ ہفتہ ہاتھ میں فریکچر کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ 31 سالہ سہیل کل ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے دوران اچانک زخمی ہوگئے ۔ لاہور میں پریکٹس میچ کے دوران چوتھے اوور میں ان کی پیٹھ میں اچانک زخم آگیا ۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ سہیل کو 2 تا 3 ہفتہ آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔پی سی بی نے ایک بیان میں کہا کہ پریکٹس میچ کے دوران انہوں نے پیٹھ میں تکلیف کی شکایت کی اور ایم آر آئی اسکیان کے بعد انہیں 2 تا 3 ہفتہ آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سہیل خان نے چار سال کی جدوجہد کے بعد حیرت انگیز واپسی کی تھی اور ورلڈ کپ میں ہندوستان کے خلاف پانچ وکٹ لیتے ہوئے سب کو متاثر کیا تھا۔ پاکستان کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے ونڈے ٹیم میں سہیل کے متبادل کے طور پر جنید خان کا انتخاب عمل میں لایا ہے ۔ پاکستان کے دورہ بنگلہ دیش کا آغاز جمعہ کو پہلے ونڈے انٹرنیشنل سے ہوگا ۔ یہاں جملہ 3 ونڈے میچس اور ایک ٹوئنٹی 20 کے علاوہ 2 ٹسٹ کھیلے جائیں گے ۔