سہیل تنویر کی ٹوئنٹی 20 میں ریکاڈر بولنگ

جمائیکا۔ یکم ستمبر(سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر سہیل تنویر نے کیریبئن پریمیئرلیگ (سی پی ایل) میں گیانا ایمازون ویریئرز کی جانب سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 99 رنز سے کامیابی دلادی جبکہ محض تین رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرکے ٹوئنٹی20 کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔برج ٹاؤن بارباڈوس میں کھیلے گئے میچ میں بارباڈوس ٹرائیڈینٹس نے ٹاس جیت کر گیانا ایمازون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔گیانا کی ٹیم نے لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل سہیل تنویر کو اوپنر کے طور پر بھیجا لیکن وہ صرف 7 رنز بنا کر پارنل کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کی کمی انھوں نے بولنگ میں پوری کی۔گیانا نے جیسن محمد کے 42 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 158 رنز بنائے۔فدادین 27، لیوک رونچی 24 اور پرائمس 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔بارباڈوس ٹرائیڈینٹس کی جانب سے روی رامپال اور عقیل حسین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بارباڈوس کو پہلا نقصان ایک رن پر اٹھانا پڑا جب کین ولیمسن صفر پر سہیل تنویر کا نشانہ بنے جس کے بعد بیٹسمین مسلسل آؤٹ ہوتے رہے۔سہیل تنویر نے بارباڈوس کے بیٹسمینوں کو پورے میچ کے دوران پریشان رکھا اور اپنے کوٹے میں صرف 3 رنز دیے اور 5 بیٹسمینوں کو پویلین بھیج دیا۔بارباڈوس کی جانب سے 8 بیٹسمینس دہرے ہندسے کو بھی عبور کرنے میں ناکام رہے۔عقیل حسین 17 رنز بنا کر سرفہرست رہے، اسپرنگر 14 اور پوران 11 رنز بنا سکے۔بارباڈوس کی پوری ٹیم 14 ویں اوور میں صرف 59 رنز پر ڈھیر ہوئی اور 99 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔سہیل تنویر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔