نئی دہلی۔ 22 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مسلسل ناقص فارم سے پریشان دہلی کے اوپنر ویریندر سہواگ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آئی پی ایل 7 کیلئے وہ دہلی ڈیر ڈیولس کے دوبارہ رکن رہیں گے ۔ رانجی سیزن کے دوران اپنا جادو دکھانے میں ناکام رہنے والے سہواگ نے اس امید کا اظہار کیاہے کہ آئندہ ماہ جب آئی پی ایل 7 کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی ہوگی تو دہلی ڈیر ڈیولس ان کی خدمات کو دوبارہ حاصل کرے گا ۔ دہلی ٹیم کے انتظامیہ نے اپنے کسی بھی کھلاڑی کو برقرار نہیں رکھا ہے اور وہ نیلامی کے دوران اپنی ایک نئی ٹیم تشکیل دے سکتا ہے ۔ ٹی وی کو دیئے گئے اپنے خصوصی انٹرویو کے دوران سہواگ نے کہا کہ چونکہ دہلی نے کسی کھلاڑی کو اپنے خیمہ میں برقرار نہیں رکھا ہے
لہذا اس کے لئے یہ حالات دستیاب ہیں کہ وہ یوراج سنگھ اور جیک کالیس جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو حاصل کرے ۔ آئی پی ایل 7 میں دہلی کی دوبارہ نمائندگی کے علاوہ سہواگ نے اس امید کابھی اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے ساتھی اوپنر گوتم گمبھیر کے ہمراہ دوبارہ ہندوستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز کریں گے ۔ ہندوستانی ٹیم کے لئے دوبارہ اننگز کا آغاز کرنے کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے سہواگ نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ وہ ساتھی اوپنر گوتم کے ساتھ دوبارہ ٹیم کیلئے اننگز کا آغاز کریں گے کیونکہ ہمیں دباؤ کے لمحات میں بہتر آغاز کرنا آتا ہے ۔ سہواگ کے بموجب ٹیم میں موجود نوجوان کھلاڑی بہتر مظاہرہ کررہے ہیں اور ان کے بہتر مظاہروں کی وجہ سے ٹیم میں مسابقت مزید بڑھ چکی ہے لیکن اس کے باوجود ٹیم سے باہر رہنے والے اوپنر کو امید ہے کہ وہ اور گوتم گمبھیر پھر ایک مرتبہ ٹیم کیلئے اننگز کا آغاز کریں گے۔