سہواگ کے کیریئر پر سبکدوشی کے گھنے ہوتے بادل

نئی دہلی 3 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر ویریندر سہواگ کے کیریئر پر سبکدوشی کے بادل مزید گہرے ہوتے جارہے ہیں کیونکہ ناقص فارم کی وجہ سے وہ پہلے ہی ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی سے ایک عرصہ سے محروم ہے اور ٹیم میں واپسی کے لئے انہوں نے رانجی سیزن کا رخ کیا تھا تاکہ کھویا ہوا فارم حاصل کرسکے لیکن گھریلو کرکٹ کی 13 اننگز میں جارحانہ اوپنر نے صرف 234 رنز اسکور کئے ہیں۔ موجودہ ناقص فارم اور بڑھتی عمر جہاں سہواگ کیلئے منفی پہلو ثابت ہورہے ہیں تو وہیں دوسری جانب ان کے مقام پر ٹیم میں شامل کئے گئے

نوجوان اوپنر شکھردھون نے 2013ء میں شاندار مظاہرہ کرنے کے علاوہ سال میں 5 ونڈے سنچریاں اسکور کرنے کا بہترین ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ دھون کے شاندار مظاہروں کی وجہ سے بھی سلیکٹروں نے سہواگ کو موقع دینے کا ذہن نہیں بنایا ہے۔ اپنے شاندار فام کے دور میں حریف بولروں کیلئے حالات تنگ کرنے والے سہواگ کے متعلق سبکدوشی کی پیش قیاسیاں اس لئے بھی کی جارہی ہے کیونکہ ان کے عہد کے چند اہم کھلاڑیوں میں سچن تنڈولکر، جنوبی افریقی آل راونڈر جیک کیالیس اور انگلش اسپنر گرائم سوان نے حالیہ دو ماہ کے دوران بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔