نئی دہلی ، یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق انڈیا اوپنر ویریندر سہواگ کو آج آنے والے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کیلئے کنگس الیون پنجاب ٹیم کا سرپرست اعلیٰ مقرر کیا گیا۔ اپنے نئے رول میں سہواگ ہیڈ کوچ سنجے بانگر کے ساتھ قریبی ربط میں کام کرتے ہوئے اسکواڈ کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کے ذمہ دار رہیں گے، کنگس الیون فرنچائز نے ایک بیان میں یہ بات بتائی ہے۔ کنگس الیون کے ہیڈ کوچ بانگر نے کہا کہ سہواگ KXIP اسکواڈ کا گزشتہ دو سیزن میں لازمی حصہ رہے ہیں اور وہ اس ٹیم کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ اُن کی بطور مینٹور شمولیت سے ٹیم کو ان کی رہنمائی اور صلاح سے بڑا فائدہ ہوگا۔