سہواگ کو ورلڈ کپ میں ٹیم کی نمائندگی کی امید

ممبئی ۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تقریباً 2 برس کا عرصہ ہوچکا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے سینئر اوپنر ویریندر سہواگ ٹیم کی نمائندگی نہیں کر پائے ہیں لیکن انہیں ہنوز امید ہیکہ آئندہ برس آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقد شدنی ورلڈ کپ کیلئے منتخب کئے جانے والے 30 ممکنہ کھلاڑیوں میں ان کا نام شامل رہے گا۔ گھریلو کرکٹ میں بھی کوئی خاطرخواہ مظاہرہ نہ کرنے والے سہواگ کو امید ہیکہ وہ 36 برس کی عمر میں ہندوستان کیلئے چوتھے ورلڈ کپ میں نمائندگی کریں گے۔ سہواگ جنہوں نے 2003 ، 2007 اور 2011ء ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ اب انہیں امید ہیکہ 30 ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں ان کا نام شامل رہے گا کیونکہ ہر کھلاڑی جو کرکٹ کھیلتا ہے وہ ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کی تمنا بھی رکھتا ہے اور یہی خواہش ہیکہ ورلڈکپ 2015ء میں ہندوستانی ٹیم کی ایک اور مرتبہ نمائندگی کروں۔ سہواگ نے مزید کہا کہ 2011ء میں ہم نے ورلڈکپ خطاب حاصل کیا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ 2015ء میں بھی ہم خطاب کا کامیاب دفاع کر پائیں گے کیونکہ ٹیم بہتر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سہواگ مانتے ہیکہ چونکہ ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا میں ٹسٹ اور سہ رخی سیریز میں شرکت کررہی ہے لہٰذا اسے ورلڈکپ میں وہاں کے حالات سے ہم آہنگی میں مشکلات نہیں ہوں گی۔