نئی دہلی۔5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) اپنے منفرد تبصرے کے لئے مشہور ہندوستانی سابق اوپنر اور کنگز الیون پنجاب کے چیف کوچ وریندر سہواگ نے ایشانت کا ٹیم میں استقبال اپنے ہی انداز میں کرتے ہوئے انہیں برج خلیفہ کہا۔ سہواگ نے ایشانت کی ایک تصویر ٹویٹ کی اور لکھا ”خیر مقدم کرتا ہوں بالوں والے اور تھوڑے بکھرے ہوئے برج خلیفہ ایشانت شرما کا کنگز الیون پنجاب کے کنبے میں۔ براہ مہربانی ان کا خیرمقدم کریں جہاں بھی آپ ہوں، ایسے ہی منہ بناتے ہوئے ۔اس کے جواب میں ایشانت نے ٹویٹ کیا شکریہ پاجی۔ آپ کو کل پریکٹس سیشن میں مجھے دیکھ کر ٹھیک ایسے ہی منہ بنانا ہوگا۔ سہواگ نے جواب میں کہا یہی تو فرق ہے برج خلیفہ جی کہ ہمیں ویسے ایکسپریشن بنانے ہوں گے ۔ آپ کے جیسے ایکسپریشن بنانا ہی اپنے آپ میں پریکٹس سیشن ہے ۔قابل ذکر ہے کہ آئی پی ایل 10 کی نیلامی میں بغیر بکے رہ گئے دہلی کے فاسٹ بولر ایشانت کو کنگز الیون پنجاب کی ٹیم نے خرید لیا ہے ۔ ایشانت کو زخمی اوپنر مرلی وجے کی جگہ لیا گیا ہے ۔