سہواگ اور گمبھیر کا بہتر مظاہرہ، دہلی فاتح

موہالی ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم سے باہر رہنے والی سابق اوپنرس کی جوڑی ویریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر نے بہتر مظہرہ کیا اور نارتھ زون کیلئے سید مشتاق علی ٹرافی کے ٹوئنٹی 20 مقابلہ میں دہلی نے ہماچل پردیش کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ سہواگ نے 32 گیندوں میں 42 رنز جبکہ کپتان گمبھیر نے 40 گیندوں میں 41 اسکور کرتے ہوئے دہلی کو 10 گیندیں قبل مطلوبہ نشانہ 134 رنز کے حصول میں کلیدی رول ادا کیا۔ سہواگ نے اپنی اننگز میں 5 چوکے اور ایک چھکا لگایا

جبکہ گمبھیر نے 6 مرتبہ گیند کو باونڈری کے باہر بھیجا۔ اس اننگز سے دونوں ہی کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ آسان نشانہ کے تعاقب میں دہلی کو بہترین آغاز حاصل ہوا جیسا کہ سہواگ اور گمبھیر نے ہماچل بولنگ کے خلاف تیزی سے رنز بنائے اسپنر بیپول شرما نے 28 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اس کے علاوہ دیگر کوئی بولر بہتر مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ قبل ازیں دہلی نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا اور کپتان پارس دوگرا نے 41 گیندوں میں ناقابل تسخیر 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ دہلی کیلئے ایشانت شرما نے 22 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔