سہواگ آئی پی ایل کے راستے ٹیم میں واپسی کے خواہاں

نئی دہلی ۔29مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کاؤنٹی کرکٹ میں سنچری کے ذریعہ اپنا فام حاصل کرنے کا اشارہ دینے والے ویریندر سہواگ کی خواہش ہے کہ وہ آئی پی ایل میں بہتر مظاہرہ کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم میں واپسی کرے ۔ ویریندر سہواگ کو کنگس الیون پنجاب نے رواں برس آئی پی ایل کے 3.2کروڑ روپئے میں حاصل کیا ہے۔ آئی پی ایل ۔7سے متعلق پُرعزم نظر آرہے ویریندر سہواگ نے کہا کہ گذشتہ سیزن ان کیلئے بہتر نہیں تھا کیونکہ اُس دوران انہوں نے زیادہ رنز اسکور نہیں کئے تھے لیکن انہیں امید ہے کہ اس برس وہ نئی ٹیم اور نئے کھلاڑیوں کے ساتھ بہتر مظاہرہ کریں گے کیونکہ ان کی خواہش ہے کہ نئی ٹیم انتظامیہ نے ان پر جو اعتماد کیا ہے

وہ اُس کے ساتھ انصاف کرے ۔ ویریندر سہواگ نے یہاں انڈر 14کرکٹ لیگ کے متعارف کئے جانے والے ایک پروگرام میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں آئی پی ایل میں بہتر مظاہرہ کروں تو قومی ٹیم میں واپسی کا موقع بن سکتا ہے لیکن سب کچھ میرے مظاہروں پر منحصر ہے۔ ویریندر سہواگ جنہوں نے گذشتہ برس مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ میں آخری مرتبہ ہندوستان کی نمائندگی کی تھی تاہم دبئی میں سنچری کے ذریعہ انہوں نے اپنا اعتماد بحال کیا ۔ سہواگ جنہوں نے ہندوستان کے لئے ٹریپل سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے ‘وہ اس اعزاز کیلئے کوہلی ‘ پجارا اور روہت شرما کو پسندیدہ کھلاڑی قرار دیتے ہیں۔