نئی دہلی۔ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )نیوزی لینڈ کے سابق کوچ مائیک ہیسن کو آئی پی ایل ٹیم کنگز الیون پنجاب کا ہیڈ کوچ مقرر کئے جانے کے کچھ دن بعد ہی ٹیم کے مینٹڑ اور کرکٹ آپریشنز چیف وریندر سہواگ نے پنجاب ٹیم سے اپنا ناطہ توڑ لیا ہے ۔سابق ہندستانی بلے باز اور اوپنر سہواگ نے ٹوئٹر پر اپنے اس فیصلے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے خود کو کنگز الیون پنجاب سے الگ کر لیا۔ وہ دو سال اس ٹیم کے ساتھ کھلاڑی کے طور پر کھیلے اور تین سال وہ ٹیم کے مینٹڑ رہے ۔ون ڈے کیریئر میں آٹھ ہزار سے زیادہ رن بنانے والے سابق ہندوستانی اوپنر سہواگ نے ٹوئٹر پر اپنے اس فیصلے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے لکھاکہ تمام اچھی باتوں کا کوئی آخر ہوتا ہے ۔ میں نے پنجاب کی ٹیم کے ساتھ اچھا وقت گزارا۔ میں نے دو سیزن ٹیم کے ساتھ کھیلا اور تین سیزن تک ٹیم کا مینٹڑ رہا۔ میرا کنگز الیون پنجاب کے ساتھ ناطہ اب ختم ہو رہا ہے اور میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ میں نے اچھا وقت ٹیم کے ساتھ گزارا۔ ٹیم کو مستقبل کے لئے بہت مبارک باد ۔سہواگ پنجاب ٹیم کے ساتھ بطور کھلاڑی سال 2014 میں جڑے تھے ۔ ٹیم کے ساتھ دو سیزن کھیلنے کے بعد وہ 2016 میں ٹیم کے مینٹڑ بنے اور اس عہدے پر وہ تین سال تک رہے ۔ 40 سالہ سہواگ آئی پی ایل میں دہلی ڈئیر ڈیولس اور کنگز الیون پنجاب کے لئے کھیلے ہیں۔