سہواگ ،لکشمن اور محمد کیف کو ٹیم کی سیریز میں واپسی کی امید

لندن ۔13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)لارڈز ٹسٹ میں انگلینڈ نے ہندوستان کو اننگز اور 159رنز سے شکست دے دی ہے۔ میچ میں جیت کے ساتھ انگلش ٹیم نے 5 میچوں کی سیریز میں 0۔2کی برتری بھی حاصل کرلی ہے۔اس شکست پر ہندوستان کے سابق اور عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں میں شامل ویریندرسہواگ،وی وی ایس لکشمن اور محمد کیف نے ٹیم پر تنقید کرنے کے علاوہ اس امید کا بھی اظہارکیا ہے کہ ٹیم اپنی غلطیوں سے سبق لے کر 18 اگسٹ کو شروع ہونے والے تیسرے ٹسٹ سے سیریز میں واپسی کرے گی۔سہواگ نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ کسی مسابقت کے بغیر یہ شکست مایوس کن ہے لیکن ہندوستانی ٹیم سے واپسی کو امید کی جاسکتی ہے۔لکشمن نے کہااس امید کا اظاہر کیا ہیکہ ہندوستانی ٹیم اپنی غلطیوں سے سبق لے کر تیسرے ٹسٹ میں واپسی کرے گی۔بشن سنگھ بیدی اور محمد کیف نے بھی ناقص بیٹنگ مظاہروں پر تنقید کرنے کے علاوہ ٹیم سے بہتر مظاہرہ کی امید ظاہر کی ہے۔یاد رہے کہ میچ میں انگلش کھلاڑی کرس ووکس آل رائونڈ کارکردگی سے مین آف دی میچ اور اینڈرسن دونوں اننگز میں 9 وکٹ لیتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کی شرمناک شکست میں کلیدی رول ادا کیا ہے ۔لارڈز ٹسٹ میں چوتھے دن ہی ہندوستانی بیٹسمینس انگلش ٹیم کی جانب سے دی گئی 289 رنزکی برتری کے جواب میں ریت کی دیوار ثابت ہوئے اوراپنی دوسری اننگز میں صرف 130رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ٹیم کی جانب سے روی چندرن اشون 33رنز کے ساتھ نا قابل شکست رہے تاہم انگلش بولروں کی جانب سے جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ نے فی کس4 کھلاڑیوں کوآوٹ کیا جبکہ کرس ووکس کے حصے میں بھی 2 وکٹیں آئیں۔چوتھے دن کا کھیل جب شروع ہوا تو انگلش ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 396 رنز7وکٹوں کے نقصان پر ختم کردی اور انہیں ہندوستانی ٹیم پر 289 رنزکی برتری حاصل ہوئی۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے شاندار137رنز اسکورکئے جس میں انہوں نے گرائونڈ کے چاروں اطراف21 چوکے لگائے جبکہ جونی بیئراسٹو93 رنزاورسیم کیرن40 رنزکے ساتھ نمایاں رہے ۔مہمان بولروں کی جانب سے محمد سمیع اورہردیک پانڈیا نے فی کس3 انگلش کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کے ہندوستان کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جوبالکل ان کے حق میںرہا اوراینڈرسن کی تباہ کن بولنگ کے باعث ہندوستان اپنی پہلی اننگز میں صرف 107رنز پر ڈھیر ہوگیا ۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹسٹ ناٹنگھم میں 18 اگست کھیلا جائے گا اور سیریز میں باقی رہنے کیلئے ہندوستان کو اس مقابلے میں کامیابی اشد ضروری ہے لیکن اس کے لئے بری خبر یہ ہے کہ ان فارم کپتان ویراٹ کوہلی کی تیسرے ٹسٹ میں شرکت فٹنس سے مشروط ہوگئی ہے کیونکہ وہ لارڈز ٹسٹ میں کمر کی تکلیف میں مبتلاء ہوگئے ہیں۔