جموں۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سہارنپور کے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے بی جے پی کی ریاستی شاخ نے کہا کہ تشدد سے آنے والے زخموں کا اندمال، معاوضہ کی ادائیگی سے ناممکن ہے۔ بی جے پی کے ریاستی شاخ کے معاون انچارج سردار آر پی سنگھ نے کل شام ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سہارنپور تشدد کی مذمت کرتے ہیں، معاوضہ کی ادائیگی، تشدد، مظالم، زخموں، تباہی اور اموات سے پیدا ہونے والے زخموں کا اندمال نہیں کرسکتی۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ یہ واقعات ایک مخصوص فرقہ کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بند سازش ہے اور اکھیلیش یادو حکومت اپنی ذمہ داری سے گریز نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ 1984ء کے فسادات کے زخم معاوضہ کی ادائیگی کے باوجود ابھی تک مندمل نہیں ہوئے ہیں۔