سہارا انڈیا پریوار کے ملازمین کی تنخواہیں تاخیر کا شکار

نئی دہلی ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سہارا کاسیبی کے ساتھ طویل عرصہ سے جاری تنازعہ جو سرمایہ کاروں کو ان کی رقومات کی باز ادائیگی سے متعلق ہے ۔ اب اس کا اثر گروپ کے ملازمین کی تنخواہوں پر بھی مرتب ہوتا نظر آرہا ہے کیوں کہ ملازمین کو اب تنخواہوں کے حصول میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بحران سے دوچار سہارا کے مختلف کارپوریٹ دفاتر کے ملازمین کو تنخواہوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ یہی نہیں بلکہ کچھ قانونی ادائیگیاں بھی تاخیر کا شکار ہورہی ہیں ۔ یہاں تک کہ مالیاتی بحران کی وجہ سے روزمرہ کی سرگرمیاں انجام دینا بھی مشکل ثابت ہورہا ہے ۔ جب سہارا کے ایک ترجمان سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے تنخواہوں اور دیگر ادائیگیوں میں تاخیر کی توثیق کی اور یہ بھی کہا کہ تنخواہوں کی ادائیگیوں میں جونیر اسٹاف کو ترجیح دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سہارا انڈیا ایک بڑا پریوار ہے ۔ ہم یہاں صرف اس لیے کام کررہے ہیں کہ اس بحرانی دور سے گزر جائیں ۔ حالانکہ ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ اس بڑے پریوار میں ہر ملازم اس کا ایک رکن ہے اور خاندان کے ہر فرد کا یہ فرض ہے کہ وہ مشکل اور بحرانی دور میں متحد رہیں اور اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملازمین انتہائی جفاکش اور وفادار ہیں اور کام کرنے میں کبھی کوتاہی سے کام نہیں لیتے ۔ ہمیں پوری توقع ہے کہ ہم اس بحرانی دور سے باہر نکل آئیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گروپ میں دس لاکھ سے زائد فل ٹائم اور پارٹ ٹائم ( ہمہ وقتی اور جزوقتی ) ملازمین ہیں بشمول مستقل اسٹاف جو اس کی دیگر کمپنیوں میں ملازمت کرتے ہیں ۔ حالانکہ ایسے ملازمین جنہیں تنخواہ نہیں ملی ہے ان کی تعداد کو صحیح طور پر پیش نہیں کیا جاسکتا ۔ تاہم ذرائع کی مطابق ان کی تعداد ہزاروں میں ہوسکتی ہے ۔ گروپ کو گذشتہ ایک سال سے لیکوئڈیٹی مسائل کا بھی سامنا ہے اور ساتھ ہی ساتھ سرمایہ کاروں کو ان کی مشغول شدہ رقومات کی واپسی کو لے کر بھی مسائل پیدا ہوگئے ہیں ۔ ترجمان کے مطابق تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے فنڈس برابر جاری ہورہے ہیں اور جونیر اسٹاف کے تاخیر سے جاری فنڈس بھی کچھ ہی روز تنخواہوں کے ذریعہ تقسیم کئے گئے ہیں ۔ کچھ ڈیویژنس میں تنخواہیں کئی مہینوں سے تاخیر کا شکار ہیں تاہم اس کے باوجود ہم پر امید ہیں کہ سہارا پریوار ایک بڑے بحران سے جلد ہی کامیابی کے ساتھ باہر نکل آئے گا ۔۔